- Advertisement -

خواہشِ خواب دیدہ اُن کے حضورﷺ

نعت بحضور سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم

خواہشِ خواب دیدہ اُن کے حضورﷺ
سب سے پہلا قصیدہ اُن کے حضورﷺ

یہ جو عالم ہے شاہ زادوں کا
شاہ زادے خمیدہ اُن کے حضورﷺ

ساز چھیڑے ہیں اندرونِ خیال
دھڑکنیں ہیں دمیدہ اُن کے حضورﷺ

میں سُناؤں اگر ہو اذنِ کلام
داستاں چیدہ چیدہ اُن کے حضورﷺ

ایسی حالت میں کوئی کیا مانگے
میں ہوں دامن دریدہ اُن کے حضورﷺ

نعت منظور ہو کے آئی ہے
یہ نوشتہ ہے دیدہ اُن کے حضورﷺ

آئے پیغام جو کبھی آزر
جاؤں میں‌ پا بُریدہ اُن کے حضورﷺ

دلاور علی آزر

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
ڈاکٹر وحید احمد کی ایک اردو نظم