چند روز قبل مجھے ایک ضروری کام کے سلسلے میں پشاور جانا پڑا۔ مغرب کے وقت میں نے اپنے دوست کے ساتھ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے قریب ایک مسجد میں نماز ادا کی۔ نماز ختم ہونے کے بعد ہماری ملاقات امام صاحب سے ہوئی، جو اتفاقاً میرے دوست کے شناسا نکلے کیونکہ دونوں کا تعلق ایک ہی گاؤں سے تھا۔
امام صاحب تقریباً چھ فٹ قد کے، سفید داڑھی والے، سفید کرتا اور سفید عمامہ پہنے ہوئے تھے۔ ان کی مونچھیں مکمل طور پر صاف تھیں۔ چہرے پر سنجیدگی اور وقار نمایاں تھا۔
میں نے امام صاحب سے نہایت خوش دلی سے مصافحہ کیا۔ رسمی تعارف اور چند باتوں کے بعد میرے دوست نے امام صاحب کو ایک ڈاکٹر کی آئندہ ہفتے ہونے والی شادی کے بارے میں بتایا۔ یہ سنتے ہی میں نے ہنستے ہوئے امام صاحب سے کہا کہ آپ میرے اس دوست کو بھی شادی کی تلقین کریں۔
میری بات سنتے ہی دوست نے میری طرف ایک لمبی حسرت بھری نگاہ ڈالی۔ پھر ہم دونوں کی نظریں امام صاحب کی طرف اٹھ گئیں۔ امام صاحب خاموشی سے ہمیں دیکھ رہے تھے۔ آخرکار وہ گویا ہوئے، "یہ ابھی بہت چھوٹا ہے۔”
یہ جملہ سن کر میں ٹھٹک گیا۔ میری نظر اپنے دوست پر پڑی جو کسی گہری سوچ میں ڈوبا ہوا تھا۔ اچانک مجھے احساس ہوا کہ واقعی وہ اب کچھ بدلا بدلا سا لگتا ہے۔ آدھے بال جھڑ چکے ہیں، باقی سفید ہو چلے ہیں۔ آنکھوں پر موٹے شیشوں والی عینک، اور عمر اٹھائیس برس ہوگی۔ اس کا پیٹ اب خاصا بڑھ چکا تھا اور نمایاں دکھائی دیتا تھا۔
ایک لمحے کو مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے کوئی زہر میری رگوں میں اتر گیا ہو۔ زبان جیسے بند ہو گئی۔ دل پر ایک عجیب سا بوجھ سا اتر آیا — جیسے کوئی طوفان آنے والا ہو۔ میں نے امام صاحب کی طرف دیکھا تو ان کی شخصیت میں ایک ایسی ہیبت اور جلال محسوس ہوا جو الفاظ سے ماورا تھا۔ میں کہنا چاہتا تھا، "امام صاحب، یہ آپ کی نظر میں بہت چھوٹا ہوگا، مگر شریعت اس کے معاملے میں خاموش ہو چکی ہے۔”
میں نے ایک مصنوعی مسکراہٹ کے ساتھ امام صاحب سے اجازت چاہی، چند لمحے ٹھہرا، پھر فوراً وہاں سے روانہ ہو گیا۔ مگر امام صاحب کا وہ مختصر جملہ "یہ ابھی بہت چھوٹا ہے” — آج تک میرے کانوں میں گونج رہا ہے۔
ڈاکٹر صابر شاہ







Kya Moulvi Sahab ne ye tanz me Kaha tha ya waqai ?unko apka dost Chota maloom huwa
امام صاحب نے یہ بات طنزاً نہیں کہی تھی بلکہ وہ دراصل میرے دوست کی عمر کے حوالے سے سنجیدہ تھے۔ ان کا مطلب یہی تھا کہ میرے دوست ابھی شادی کی ذمہ داری اٹھانے کے لئے نسبتاً کم عمر ہیں۔