سب کو پاگل بنا رہی ہوں میں
اپنا قصہ سنا رہی ہوں میں
جاں سنبھلتی نہیں ہے اور اس پر
یاد کا بوجھ اٹھا رہی ہوں میں
جی میں آتا ہے پوچھ لوں اس سے
کیا تجھے یاد آ رہی ہوں میں
اک محبت ہے اور اس کا بھی
کیا تماشہ بنا رہی ہوں میں
کس کی یادیں ہیں بارہا جن کو
آنسوؤں میں بہا رہی ہوں میں
کوئی پوچھے تو اس کو بتلاؤں
یاد کیسے چھپا رہی ہوں میں
ہمانشی بابرا