سیالکوٹ میں "سلام اردو” ادبی تنظیم بہت پیارے سخن فہم دوستوں کی مخلصانہ کاوش ہے جو سالہا سال سے شعر و سخن کے موتی دنیائے ادب کی مالا میں پرو رہی ہے۔ ڈاکٹر شیراز مسعود اس کے روح رواں ہیں۔ ساتھ میاں سرمد حنیف، شجاع شاذ، سعد ضیغم اور بہت سے شعر شناس دوست ہیں۔ سلام اردو کا ادبی صفحہ دور حاضر کے چنیدہ اردو ادب کا مستند حوالہ ہے۔
اس تنظیم کی خوش انتظامی اور خوش سلیقگی بھی قابل رشک ہے۔ ان کے مشاعرے اپنی نفاست اور مہمان نوازی میں اپنی مثال آپ ہیں۔ مشاعرے کے تمام لوازمات اپنی تمام رعنائیوں کے ساتھ بزم کا حصہ ہوتے ہیں۔
اپنی تابندہ روایات کا تسلسل قائم رکھتے ہوئے 5 اکتوبر 2025 کی شام شاندار محفل مشاعرہ سیالکوٹ میڈیکل کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ جس کے سربراہ جناب ڈاکٹر خاور حسین قریشی ہیں۔ ان کی موجودگی سے محفل روشن تھی۔
مشاعرہ جم کر ہوا۔ سیالکوٹ، لاہور اور دیگر شہروں کے ممتاز شعرائے کرام نے شاندار کلام سے محفل جگمگا دی۔ بہت عرصے بعد انتہائی قابل احترام برادر محترم جناب زاہد فخری کا دیدار ہوا جو جناب دانش عزیز اور شہزاد نئیر جیسے شاندار شعرائے کرام کے ساتھ لاہور سے تشریف لائے۔
رات کو تاج پیلس ہوٹل میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام تھا۔ آدھی رات کے بعد تک خوش گپیوں اور سبز چائے کا تال میل رہا۔ اس شاندار مہمان نوازی پر میں "سلام اردو” کے پیارے دوستوں کا انتہائی مشکور ہوں۔
وحید احمد
آٹھ اکتوبر 2025