اردو نظمساحر لدھیانویشعر و شاعری
محفل سے اٹھ جانے والو تم لوگوں پر کیا الزام
ساحر لدھیانوی کی ایک اردو نظم
محفل سے اٹھ جانے والو تم لوگوں پر کیا الزام
تم آباد گھروں کے باسی میں آوارہ اور بدنام
میرے ساتھی خالی جام
دو دن تم نے پیار جتایا دو دن تم سے میل رہا
اچھا خاصا وقت کٹا اور اچھا خاصا کھیل رہا
اب اس کھیل کا ذکر ہی کیا کہ وقت کٹا اور کھیل تمام
میرے ساتھی خالی جام
تم نے ڈھونڈی سکھ کی دولت میں نے پالا غم کا روگ
کیسے بنتا کیسے نبھتا یہ رشتہ اور یہ سنجوگ
میں نے دل کو دل سے تولا تم نے مانگے پیار کے دام
میرے ساتھی خالی جام
تم دنیا کو بہتر سمجھے میں پاگل تھا خوار ہوا
تم کو اپنانے نکلا تھا خود سے بھی بیزار ہوا
دیکھ لیا گھر پھونک تماشا جان لیا میں نے انجام
میرے ساتھی خالی جام
ساحر لدھیانوی