- Advertisement -

عالم سوز تمنا بے کراں کرتے چلو

قابل اجمیری کی اردو غزل

عالم سوز تمنا بے کراں کرتے چلو

ذرے ذرے کو شریک کارواں کرتے چلو

کتنے روشن ہیں وہ عارض کتنے شیریں ہیں وہ لب

راستہ کٹ جائے گا ذکر بتاں کرتے چلو

شام غم کی ظلمتیں ہیں اور صحرائے حیات

دیدۂ بیدار کو انجم فشاں کرتے چلو

راستے میں بجھ نہ جائیں آرزؤں کے چراغ

ذکر منزل کارواں در کارواں کرتے چلو

جانے کس عالم میں آئیں آنے والے قافلے

سایۂ دیوار جاناں جاوداں کرتے چلو

مظہر تہذیب ہے اک ایک تار پیرہن

بس یونہی اندازۂ سود و زیاں کرتے چلو

قابل اجمیری

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
قابل اجمیری کی اردو غزل