- Advertisement -

خواہشیں ہوتی ہیں کیا کیا بارشوں کی رات میں

ناہید ورک کی اردو غزل

خواہشیں ہوتی ہیں کیا کیا بارشوں کی رات میں
میں ہوں اور ہے لمس تیرا بارشوں کی رات میں
مانگتے ہیں بھیگی رُت کے سارے منظر تیرا قُرب
اب میں سمجھاؤں اُنہیں کیا بارشوں کی رات میں
تیرگی میں غم کی سایہ بھی کہاں ہوتا ہے ساتھ
میں اگر ہوتی ہوں تنہا بارشوں کی رات میں
میں یہ سمجھی یہ بھی مارا ہے کسی کے ہجر کا
پھوٹ کر بادل جو رویا بارشوں کی رات میں
دن تو جیسے تیسے دنیا کے جھمیلوں میں کٹا
ہجر نے تیرے رُلایا بارشوں کی رات میں
منہ چھپائے ایک کونے میں پڑی تھی دم بخود
میری تنہائی بھی تنہا بارشوں کی رات میں
دامنِ قاتل پہ کوئی چھینٹ تک آئی نہیں
یوں ہُوا خونِ تمنّا بارشوں کی رات میں

ناہید ورک

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
ناہید ورک کی اردو غزل