- Advertisement -

نیند میں خواب کھُلے خواب میں ہو نیل پری

دلاور علی آزر کی اردو غزل

نیند میں خواب کھُلے خواب میں ہو نیل پری
اچھی لگتی ہے مجھے کیفیتِ بے خبری

پھر وہی تو وہ ترا شہر ترے شہر کے لوگ
پھر وہی میں مرا کاسہ مری دریوزہ گری

ایک کونے میں بچھایا ہوا اُس شاہ کا تخت
کسی دربار کی صورت میں سجی بارہ دری

ایک منظر کو بنانے میں ہوئی عمر تمام
خوب احساسِ زیاں ہے یہ مری کم ہنری

ورنہ میرے لیے بے تاب کہاں تھا کوئی
مجھے اپنی ہی تگ و دو سے ملی خوش خبری

مرے عیسٰی ترا مصرف ہی بھلا کیا ہوگا
وقت پر کام نہ آئی جو تری چارہ گری

آج تک خود میں کمی ڈھونڈ رہا تھا آزر
آئینہ دیکھ کے یاد آئی تری دیدہ وری

دلاور علی آزر 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
دلاور علی آزر کی اردو غزل