آپ کا سلاماردو غزلیاتشعر و شاعریفیاض حسین ڈومکی

دل میں کسی کے واسطے

فیاض ڈومکی کی ایک اردو غزل

دل میں کسی کے واسطے رکھی خلش نہیں
ایسی ہماری یار ہوئی پروَرِش نہیں

بس نام کے ہیں بچے مسلمان آج کے
اسلاف جیسی ان میں مگر کچھ روش نہیں

جاہ جلال سے مجھے ہو کیوں غرض جناب
اک عام آدمی ہوں کوئی التمش نہیں

گر با وفا ہے یار تو حاضر ہے جان بھی
ہر عام خاص کے لیے میں گُستَرِش نہیں

فیاضؔ کس طرح میں انہیں دل یہ دوں بتا
چہرے تو خوش نما ہیں مگر پر کشش نہیں

فیاض ڈومکی

post bar salamurdu

فیاض ڈومکی

سبی سے تعلق رکھنے والے نوجوان شاعر فیاض حسین ڈومکی نے غزل سے شاعری کا آغاز کیا اور بہت جلد ان کا کلام شاعری کے افق پر پذیرائی پانے میں کامیاب ہوا اور انہوں نے 2010 سے شاعری کی ابتداء کی اور ان کا پہلا اردو شعری مجموعہ ( نسیم دشت ) کے نام سے 2023 شائع ہو چکا ہے ۔ فیاضؔ ڈومکی 6 جون 1996 کو تریہڑ میں پیدا ہوئے جو تحصیل لہڑی ضلع سبی کا گاؤں ہے ان کا تعلق بلوچ قوم کے ڈومکی قبیلے سے ہے ،مزید اس کے شاخوں میں سے محمدانی اور اس کی ذیلی شاخ بالاچانی سے ہے یہ قوم زیادہ تر تریہڑ ،لہڑی سبی میں آباد ہے ۔ انہوں نے اپنی بنیادی پرائمری تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول تریہڑ سے پانچویں تک حاصل کی بعد ازاں مڈل تک ڈویژنل پبلک سکول سبی میں پڑھا اور ملٹری کالج سوئی سے میٹرک و ایف ایس سی کی ڈگری حاصل کی اس کے بعد نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے 2020 میں بی ایس کیا ۔ ادب کی طرف ان کا رحجان بچپن ہی سے تھا البتہ 2010 اور 2011 میں شعر کہنا شروع کئے اور لکھنے کی ابتداء غزل سے کی ان کے بقول غزل ایک ایسی صنف ہے جو جذبات کی نزاکت اور احساسات کی شدت کو مختصر ، موثر انداز میں بیان کرنے کا فن سکھاتی ہے انہوں نے پہلا شعر ہشتم یا نہم جماعت میں کہا جو انہوں نے اپنی اردو کی ٹیچر ساجدہ امام شاہوانی صاحبہ کو دکھایا جن کی پذیرائی اور تحریک نے ان کو ادبی میدان میں باقاعدہ طور پر قدم بڑھانے میں بہت مدد دی ۔ بعد ازاں نظم و نثر میں بھی طبع آزمائی کی لیکن غزل ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہی ۔ ہم نے ان سے پوچھا کہ اصلاح کن سے لی ہے تو انہوں نے بتایا کہ ادبی اصلاح دراصل ایک مسلسل سفر ہے جو صرف کسی ایک استاد سے نہیں بلکہ اچھے ادب کے مطالعے سے بھی حاصل ہوتی ہے البتہ جو استاد ان پر مہربان رہے ان میں عظمی جون ،محمد طاہر کمال جنجوعہ ( تلمبہ) ذوالفقار یوسف سبی،فیاض تبسم سبی،امیت کمار عاصی ،سبی اور ان کے بقول جن اساتذہ کو پڑھا اور ان سے سیکھا ان میں میر ،غالب ،داغ، میر انیس ، اقبال ،فراز ،فیض ،محسن نقوی ،فرحت عباس شاہ،جون ایلیا ،اسلم کولسری ،منیر نیازی ،سلیم فوز ،پروین شاکر ،اور بھی کئی نام شامل ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

سلام اردو سے ​​مزید
Close
Back to top button