آپ کا سلاماسلامی گوشہمحمود کیفینعتیہ کلام ﷺ
نبیؐ کے عشق میں ایسا دِکھائی دیتا ہے
ایک اردو نعت از محمود کیفی
نبیؐ کے عشق میں ایسا دِکھائی دیتا ہے
جسے بھی دیکھوں وہ اپنا دِکھائی دیتا ہے
حضُور ؐ یاد کی صُورت یہاں بھی رہتے ہیں
مجھے تو دِل بھی مدینہ دِکھائی دیتا ہے
مُحِبّ ِ سرورِ کونین ؐ جِس طرف دیکھے
خُدا کے نُور کا جلوہ دِکھائی دیتا ہے
بسی ہو دِل میں مہک عشقِ مُصطفٰےؐ کی اگر
جہان سارا ہی مہکا دِکھائی دیتا ہے
کمالِ مِدحتِ سرور ؐ ، کہ میری قسمت کا
عرُوج پر ہی سِتارہ دِکھائی دیتا ہے
ضرُور اُس کو ہے نِسبت حضُور ؐ سے کیفی
جو قول و فعل میں سچّا دِکھائی دیتا ہے
محمود کیفی