نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) مچھروں سے جان چھڑانا ایک مشکل کام ہے تاہم کچھ ایسے پودے ہیں جنہیں آپ گھر میں لگا لیں تو مچھر آپ کے گھر سے بھاگ جائیں گے۔ ویب سائٹ tomsguide.com کی طرف سے اپنی ایک رپورٹ میں ان پودوں کی ایک فہرست بیان کی گئی ہے جو درج ذیل ہے:۔
روز میری(Rosemary)
روز میری کو اکلیل کوہی یا اکلیل کوہستانی بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ایک جھاڑی نما پودا ہے جس پر نیلے رنگ کے پھول آتے ہیں۔ اس پودے کا تیل بالوں کی نشوونما کے لیے بہترین ہوتا ہے اور اس کی خوشبو اکثر صابن اور شیمپو وغیرہ میں پائی جاتی ہے۔ اس پودے پر جب پھول آتے ہیں تو یہ بہت خوبصورت نظر آتا ہے۔ روزمیری کی خوشبو انسانوں کو تو بہت بھلی لگتی ہے مگر مکھیاں، چیونٹیاں اور مچھر اس خوشبو کی وجہ سے گھر سے بھاگ جاتے ہیں۔
لیمن گراس
لیمن گراس میں سٹرونیلا آئل ہوتا ہے جو اس کے پتوں اور تنے سے کشید کیا جا سکتا ہے۔ اس سے لیموں کی سی خوشبو آتی ہے جو مچھروں کو گھر سے بھگاتی ہے۔ مچھر ہی نہیں، لیمن گراس کی خوشبو چوہوں کو بھی گھر سے دور رکھتی ہے۔
میری گولڈز
میری گولڈز، جنہیں ہم گیندے کے پھول کہتے ہیں، دیکھنے میں بھی بہت خوبصورت لگتے ہیں اور یہ گھر میں حشرات کا مسئلہ بھی حل کر دیتے ہیں۔ گیندے کے پھولوں میں ایک ایسا قدرتی کمپاؤنڈ پایا جاتا ہے جو مچھروں اور دیگر حشرات کو بھگانے والے مصنوعات میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ اس کمپاؤنڈ کا نام لیمنین (Limonene)ہے۔ یہ کمپاؤنڈ ایک ایسی کھٹاس کی حامل خوشبو کا سبب بنتا ہے جو مچھروں کو بھگاتی ہے۔
لیوینڈر(Lavender)
لیوینڈر کی خوشبو بھی صابن، ڈیٹرجنٹس اور دیگر مصنوعات میں پائی جاتی ہے۔ اس پودے کا تیل ذہنی دباؤ سے نجات اور نیند کے معیار کو بہتر بنانے سمیت کئی طبی فوائد کا حامل ہے۔ اس کی خوشبو انسانوں کو بہت خوش آتی ہے مگر مچھر اسے قطعاً پسند نہیں کرتے۔ لہٰذا اگر یہ خوبصورت پھولوں کا حامل پودا گھر میں لگایا جائے تو مچھر، مکھیاں اور چوہے وغیرہ گھر سے دور رہتے ہیں۔
فلاس فلاور(Floss Flower)
فلاس فلاور کو اہم ’ایجریٹم‘کے نام سے بھی جانتے ہیں۔ اس میں کومرین (Coumarin)نامی کیمیکل پایا جاتا ہے جو حشرات کو بھگانے والی ادویات میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ یہ پودا بھی گھر میں لگانے سے مچھر گھر سے دور رہتے ہیں۔ اس کے برعکس شہد کی مکھیاں اور تتلیاں اس کی خوشبو کو پسند کرتی ہیں۔
سنبل بری (Cantip)
سنبل بری میں ایک ’Nepeta Cataria‘ نامی مادہ پایا جاتا ہے، جسے مچھروں سمیت دیگر کئی حشرات سخت ناپسند کرتے ہیں۔ اگر آپ یہ پودا گھر میں اگا لیں تو اس کی خوشبو کی بدولت مچھروں کے علاوہ مکھیاں اور لال بیگ بھی آپ کے گھر سے دور رہیں گے۔
سیج (Sage)
سیج یا کامن سیج ایک خوشبودار جڑی بوٹی ہے جس کے پتوں میں ایک نہایت خوش کن خوشبو پائی جاتی ہے۔ یہ جڑی بوٹی گوشت اور سبزیوں کو پکانے میں بھی استعمال کی جاتی ہے جو ان کے ذائقے کو چار چاند لگا دیتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ مکھن اور مختلف قسم کی چٹنیاں بنانے میں بھی استعمال ہوتی ہے۔ اس کے پتوں سے آنے والی خوشبو مچھروں اور مکھیوں کو بھگانے کا کام کرتی ہے۔ اس کے پتے گھر میں مختلف جگہوں پر رکھ دیئے جائیں تو گھر سے مچھر اور مکھیاں بھاگ جاتے ہیں۔