
میں نہ ماہرِ نفسیات ہوں اور نہ ازدواجی تعلقات کا کوئی پیشہ ور معالج۔ ایک شاعر صحافی لکھاری اور رشتوں کا مشاہدہ کرنے والے شخص کی حیثیت سے مجھے برسوں سے بہت سے لوگوں کو قریب سے دیکھنے ان کی باتیں سننے اور ان کے جذبات کو سمجھنے کا موقع ملا ہے۔ انہی مشاہدات کے دوران ایک بات بار بار میرے سامنے آئی کہ اکثر رشتے محبت کی کمی سے نہیں بلکہ گفتگو کی کمی سے کمزور ہوتے ہیں۔ یہ کوئی حتمی فیصلہ نہیں صرف ایک مشاہدہ ہے اور ہر مشاہدے کی طرح اس سے اختلاف بھی کیا جا سکتا ہے۔
ہم عموماً یہ سمجھتے ہیں کہ رشتے کسی ایک بڑے واقعے یا حادثے سے ختم ہوتے ہیں لیکن حقیقت اکثر اس کے برعکس ہوتی ہے۔ زیادہ تر تعلقات اچانک نہیں ٹوٹتے بلکہ آہستہ آہستہ اپنی مضبوطی کھونے لگتے ہیں۔ پہلے بات چیت کم ہوتی ہے پھر احساسات دل میں دبنے لگتے ہیں پھر شکایتیں جگہ بنا لیتی ہیں اور ایک وقت ایسا آتا ہے جب دو لوگ ایک ہی چھت کے نیچے رہتے ہوئے بھی ایک دوسرے سے دور ہو جاتے ہیں۔ دو دلوں کے درمیان سب سے خطرناک فاصلہ خاموشی کا ہوتا ہے۔ جب بات کرنے کے دروازے بند ہو جائیں تو غلط فہمیاں خود بخود راستہ بنا لیتی ہیں۔
میرا مشاہدہ یہ بھی ہے کہ مرد اور عورت تعلقات کو ہمیشہ ایک ہی زاویے سے نہیں دیکھتے۔ دونوں کے احساسات ترجیحات اور ردِعمل ایک دوسرے سے مختلف ہو سکتے ہیں۔ مرد کے لیے عزتِ نفس بڑی اہمیت رکھتی ہے۔ وہ بہت سی باتیں برداشت کر لیتا ہے بہت سی کمزوریاں نظر انداز کر دیتا ہے مگر بعض رویے اس کے دل میں ایسی دراڑ پیدا کر دیتے ہیں جو وقت کے ساتھ گہری ہوتی چلی جاتی ہے۔ اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اگر مرد کسی تعلق سے دور ہو رہا ہے تو یقیناً اس کی زندگی میں کوئی دوسرا شخص آ گیا ہوگا حالانکہ ایسا ہمیشہ نہیں ہوتا۔ بعض اوقات انسان صرف مسلسل تھکن ناقدری یا دل آزاری کے باعث بھی پیچھے ہٹ جاتا ہے۔ وہ فیصلہ ایک دن میں نہیں کرتا بلکہ خاموشی سے اپنے اندر یہ سفر طے کرتا ہے۔ اور جب وہ واقعی الگ ہونے کا فیصلہ کر لے تو پھر اکثر واپس پلٹنا اس کے لیے آسان نہیں رہتا۔
عورت کے معاملے میں بھی صورتِ حال ہمیشہ ایک جیسی نہیں ہوتی۔ کچھ خواتین واقعی ایسے حالات کا سامنا کر رہی ہوتی ہیں جہاں علیحدگی ان کی ضرورت بن جاتی ہے۔ کہیں ظلم ہوتا ہے کہیں مسلسل ذہنی اذیت کہیں اعتماد کی مکمل شکست اور کہیں ایسا ماحول جس میں جینا دشوار ہو جاتا ہے۔ ایسے مواقع پر علیحدگی ایک حق بھی ہے اور بعض اوقات ناگزیر ضرورت بھی۔
اکثر وبیشتر یہ بھی دیکھنے میں آتا ہے کہ جب کسی تعلق میں اعتماد کمزور پڑ جائے اور دلوں کے درمیان فاصلے بڑھ جائیں تو انسان نئے سہاروں اور نئی امیدوں کی طرف دیکھنے لگتا ہے۔ یہ صرف عورتوں کے ساتھ نہیں بلکہ مردوں کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ انسان چونکہ ذہنی اور قلبی سکون کے علاوہ جسمانی خواہش کی تکمیل اور اپنی قبولیت کی تلاش کرتا ہی رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب کسی رشتے کی بنیادیں ہلنے لگتی ہیں تو بہت سے فیصلے جذبات کے بجائے عدم اطمینان اور بے یقینی کے زیرِ اثر ہونے لگتے ہیں۔
میں نے حلقۂ احباب میں ایسے لوگوں کو بھی دیکھا ہے جن کی شادی کئی سال قائم رہی مگر ان برسوں کا بڑا حصہ اختلافات اور خاموشیوں کی نذر ہو گیا۔ وہ ایک ہی گھر میں رہتے تھے مگر ان کے درمیان گفتگو صرف ضرورت تک محدود ہو کر رہ گئی تھی۔ بظاہر رشتہ موجود تھا لیکن دلوں کا تعلق بہت پہلے کمزور ہو چکا تھا۔ پھر ایک وقت ایسا آیا کہ ان کے درمیان براہِ راست گفتگو تقریباً ختم ہو گئی۔ بعض پیغامات گھر کے دوسرے افراد کے ذریعے پہنچتے تھے اور بعض باتیں کسی تیسرے شخص کے ذریعے ایک دوسرے تک پہنچائی جاتی تھیں۔ کچھ عرصہ یہ سلسلہ چلتا رہا مگر بالآخر وہی ہوا جو ایسے رشتوں کے ساتھ اکثر ہو جاتا ہے۔ ایک دن دونوں نے اپنی اپنی راہیں الگ کر لیں۔
یہیں سے تعلقات کے زوال کی ابتدا ہوتی ہے۔ جس طرح شعر دو مصرعوں میں مکمل ہوتا ہے اسی طرح ایک رشتہ بھی دو افراد کی باہمی وابستگی سے قائم رہتا ہے۔ جب اس میں کسی تیسرے کی مداخلت جگہ بنانے لگے تو اعتماد متاثر ہوتا ہے اور رشتے کی خوبصورتی کم ہونے لگتی ہے۔ تعلقات کی اصل طاقت محبت سے زیادہ اعتماد اور باہمی احترام میں پوشیدہ ہوتی ہے۔
وقت گزرنے کے ساتھ انسان ایک اور حقیقت کو سمجھنے لگتا ہے۔ جب وہ اپنی وضاحتیں دیتے دیتے تھک جاتا ہے تو ایک دن خاموش ہو جاتا ہے۔ یہ خاموشی ہمیشہ شکست نہیں ہوتی بلکہ ایک اندرونی تھکن کا اظہار ہوتی ہے۔ وہ مرحلہ جب انسان دوسروں کو سمجھانے کے بجائے خود کو سمجھنے کی کوشش شروع کر دیتا ہے۔ وہ اپنی توقعات کم کرتا ہے اور اپنی ذات کی طرف لوٹ آتا ہے۔
پھر ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب انسان یہ سمجھ لیتا ہے کہ ہر خاموشی نقصان نہیں ہوتی۔ کچھ خاموشیاں انسان کو اپنے اندر جھانکنے کا موقع دیتی ہیں۔ وہ لوگوں کی ناراضی شکایتوں اور توقعات سے چند قدم پیچھے ہٹ کر خود سے بات کرنا شروع کر دیتا ہے۔ شاید اسی مرحلے پر اسے احساس ہوتا ہے کہ وہ برسوں دوسروں کو منانے سمجھانے اور اپنے حق میں دلائل دینے میں مصروف رہا مگر خود کو سننے کے لیے کبھی نہیں رکا۔
زندگی نے مجھے کم از کم یہ ضرور سکھایا ہے کہ ہر ساتھ ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتا۔ کچھ لوگ ہماری زندگی میں رہنے کے لیے آتے ہیں اور کچھ ہمیں کوئی سبق دے کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔ اس لیے رشتوں کو نبھانے کی کوشش ضرور کرنی چاہیے مگر اس حد تک نہیں کہ انسان اپنی ذات ہی کھو بیٹھے۔ اگر کوئی ساتھ چلتا رہے تو یہ خوش نصیبی ہے اور اگر کوئی راستہ بدل لے تو اسے زندگی کا ایک فیصلہ سمجھ کر قبول کر لینا چاہیے۔ آخرکار رشتے محبت سے پہلے گفتگو اعتماد اور احترام سے زندہ رہتے ہیں۔ جب یہ چیزیں باقی رہیں تو فاصلے بھی کم ہو جاتے ہیں اور جب یہ ختم ہونے لگیں تو بعض اوقات ایک ہی چھت کے نیچے رہنے والے لوگ بھی ایک دوسرے سے بہت دور چلے جاتے ہیں۔
ایم اے دوشی








