مکان، عشق نے ایسی جگہ بنا لیا تھا
کہ مجھ کو گھر سے نکلتے ہی اُس نے آ لیا تھا
میں جانتا تھا کہ ضدی ہے پرلے درجے کا
سو، ہار مان کے میں نے اسے منا لیا تھا
یہ میرا دل ہے مگر میری مانتا ہی نہیں
گذشتہ رات اسے میں نے آزما لیا تھا
خبر ملی مجھے جیسے ہی اُس کے آنے کی
نگاہ در پہ رکھی، اور دیا جلا لیا تھا
جو دل کا حال تھا، ہم نے بڑے سلیقے سے
غزل بہانہ کیا اور اُسے سنا لیا تھا
اک ایسی بات، حَسَن! کہہ دی آئنے نے مجھے
کہ اُس کو توڑ کے خود کو گلے لگا لیا تھا
حسن عباس رضا