اِسی کو مانو خدا کے بندوں ہے اِس میں لُطفِ دوام اُن کا
یقینِ کامل سے کہہ رہا ہوں نِظام حق ہے نِظام اُن کا
نبی ہزاروں ہی آئے لیکن کسی نے یہ مرتبہ نہ پایا
یہ شان ہے بس مرے نبیﷺ کی ہے عرشِ اعلیٰ مقام اُن کا
جبینِ عرش علیٰ پہ لکھا خدا نے نامِ رسول اکرمﷺ
خدا کا فضل و کرم ہے اُن پر بہت ہی اونچا ہے نام اُن کا
یہ ایک اُمی ّ کی شان دیکھو مثال اُن کی ملی نہ اَب تک
کہ ساری دنیا کے فلسفی بھی سمجھ نہ پائے مقام اُن کا
میں ناز کیسے کروں نہ خود پر؟کہ اُمتی ہوں حبیبِ حق کا
وہ میرے آقا ہیں سب سے اعلیٰ بہت ہے اچھا کلام اُن کا
جِسے کہ روح الامیں لائے وہی تو وحیِ خدا ہے بے شک
خدا کی جانب سے جو بھی آیا وہی بنا ہے کلام اُن کا
اِنہی کی رحمت کا ہے یہ صدقہ نصیب میرا کہاں ہے ایسا
کرم اِنہی کا ہوا ہے اعظم لکھا قلم نے جو نام اُن کا