اردو نظمایوب خاورشعر و شاعری

دو وقتوں کی ایک نظم

ایوب خاور کی اردو نظم

محبت سے بھرا اِک دن
ترے دامن میں کھلنے کے لیے
میری سُبک انداز پلکوں پر اُترتا ہے
تری خوشبو میں گھلتا ہے
رگوں کی ڈوریوں میں باندھ کر مجھ کو
ترے حسنِ سخن انداز کی چوکھٹ پہ لاتا ہے
بہت آہستگی کے ساتھ
دل کی ایک دھڑکن کی طرح معدوم ہوتا ہے
محبت سے بھرا ہر دن
محبت سے تہی اِک دن
جو دشتِ جاں میں سوکھے زرد پتّے کی طرح سے آ کے گرتا ہے
رگوں کی ڈوریوں میں باندھ کر مجھ کو
ترے بے مہر حسنِ منجمد کے منحرف آئینہ خانے تک تو لاتا ہے
مگر پھر تیری بے مہری کے سانچے میں ڈھلے
برفاب لمحوں سے گزر کر بس ذرا سی دیر کو
اس دل کے سائے میں ٹھہرتا ہے
بہت آہستگی کے ساتھ
دل کی ایک دھڑکن کی طرح معدوم ہوتا ہے
محبت سے تہی ہر دن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

ایوب خاور

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ اشاعتیں

سلام اردو سے ​​مزید
Close
Back to top button