دل نے کارِ ہنر نہیں چھوڑا
اور تجھے سربسر نہیں چھوڑا
انتہائی تھی بے دلی جب کہ
مسکرانا مگر نہیں چھوڑا
کوئی سمجھائے یہ اُسے جاکر
گھر ہی چھوڑا ہے در نہیں چھوڑا
میں تجھے چھوڑ بھی تو سکتا تھا
دل میں تیرے یہ ڈر نہیں چھوڑا
بن مِرے کس طرح جیے گا وہ
بس یہی سوچ کر نہیں چھوڑا
اب اُسے خاک بھول پاوں گا
وہ جسے عمر بھر نہیں چھوڑا
مجھ کو دفتر ہی چھوڑنا پڑتا
اس لیے تجھ کو گھر نہیں چھوڑا
چھوڑ سکتا تھا سب ہی کچھ یوسف
قصہ المختصر نہیں چھوڑا
یوسف عابدی