آپ کا سلاماردو غزلیاتشعر و شاعریعُظمی جَون

اے حُسنِ لازوال، تِرے غم نے کر دیا

ایک اردو غزل از عُظمی جٙون

اے حُسنِ لازوال، تِرے غم نے کر دیا
مجنوں سا میرا حال تِرے غم نے کر دیا

مجھ کو تو اِک مِثال تِرے غم نے کر دیا
اِتنا بڑا کمال تِرے غم نے کر دیا

جو حالِ شہ مُرید تھا ہانی کے عشق میں
ویسا ہی میرا حال تِرے غم نے کر دیا

اوجِ فلک پہ میرا ستارہ تھا، پھر اُسے
آمادۀ زوال تِرے غم نے کر دیا

اِک عُمر سے تھا مُنقطع میرا غموں سے ربط
پھر سے اِسے بحال تِرے غم نے کر دیا

میں کیا جواب دوں گا اُسے قہقہوں کے بِیچ
مجھ سے اگر سوال تِرے غم نے کر دیا

دل کے سہارنے کو کئی لوگ مِل گئے
یوں ہجر کو وصال تِرے غم نے کر دیا۔

خواہش نہیں رہی ہے مِرے دل میں کوئی اور
ایسا مجھے نہال تِرے غم نے کر دیا

اب پھر سے عِشق وِشق کی ہمّت نہیں رہی
مجھ کو بہت نِڈھال تِرے غم نے کر دیا

عُظمی جٙون

post bar salamurdu

عُظمی جَون

عُظمی جَون- سِبّی : بلوچستان-دو شعری مجموعوں کے خالق :*خِزاں کی رُت سُنہری ہے**ستارے میرے آنسو ہیں*- پروفیسر/پرنسپل (ریٹائرڈ)- مقامی، صوبائی، ملکی اور عالمی مشاعروں میں شرکت۔ لاتعداد ایوارڈ و اسناد یافتہ۔ *فن اور شخصیت*- *خِزاں کی رُت سُنہری ہے کا فنی جائزہ* - *"خِزاں کی رُت سُنہری ہے" کا تنقیدی جائزہ*- *عُظمی جَون کی شاعری میں روایت و جدیدیت کا تقابلی جائزہ* جیسے عنوانات کے تحت BS, ایم ایس اور M.Phil کی سطح پر تحقیقی مقالہ جات۔ Face Book, YouTube، Instagram جیسے سوشل میڈیا پر Uzmee Jaon کے نام سے چینل اور پیجز۔ریختہ اور گوگل پر مواد موجود۔آذربائیجان میں عارضی رہائش۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button