آپ کا سلاماردو غزلیاتسعادت علی سعدیشعر و شاعری
یہاں پر جو بھی خدا پر یقین
ایک اردو غزل از سعادت علی سعدی
یہاں پر جو بھی خدا پر یقین رکھتا ہے
سمجھ لو یوں کہ عطا پر یقین رکھتا ہے
دعا کرو کہ بھروسہ نہ ٹوٹ جائے کہیں
وہ سادہ لوح وفا پر یقین رکھتا ہے
جو سر پہ بیٹھ گیا تخت و تاج میرے ہیں
مرا یہ دل تو ہما پر یقین رکھتا ہے
یہ در گزر یہ معافی یہ منتیں غارت
وہ ترش رو تو سزا پر یقین رکھتا ہے
نہ ڈور پر ہے نہ کاغذ پہ کچھ یقیں اس کو
پتنگ باز ہوا پر یقین رکھتا ہے
جو مجھ سے پوچھو تو سعدی کا یہ وتیرہ ہے
وہ دل سے آتی صدا پر یقین رکھتا ہے
سعاد ت علی سعدی







