آپ کا سلاماسلامی گوشہسہیل احمد صمیمنعتیہ کلام ﷺ

محروم سر زمین

سہیل احمد صمیمؔ کی نعتیہ نظم

مکہ کے مرغزار و مدینے کے رہ گزار
خیبر، تبوک و وادیِ سینا کے کوہسار

طائف کی سنگ بار فضاؤں کا ہر مقام
غارِ حرا کی رات ہو یا ہو فضائے شام

صحنِ حدیبیہ ہو کہ گلیاں یمن کی ہوں
اپنے وطن کی راہیں کہ غیر وطن کی ہوں

جتنی بھی وادیوں کو عروجِ قدم ہوئے
جس سے حضور گزرے وہ رستے حرم ہوئے

کرتے رہے ہیں آپ کا دیدار بے شمار
گزرے جدھر سے آپ ہوئی رہ وہ پُر بہار

سارے مکیں وہاں کے بڑے خوش نصیب ہیں
نسبت جڑی جہاں ہے وہاں کے قریب ہیں

لکھی ہوئی ہے بات یہ ان کے نصیب میں
ہر دم ہے اُن کی زندگی شہرِ حبیب میں

جب دل کرے وہ دید و زیارت کو چل پڑیں
یعنی وہ مشکلات کو فوراً ہی حل کریں

رب نے دیا ہوا ہے دیارِ نبی جنہیں
ملنے کو کچھ نہ زادِ سفر چاہیے انہیں

الحمد میں بھی طالبِ دیدِ حضور ہوں
لیکن دیارِ شہرِ حبیبی سے دور ہوں

اٹھتا ہے روز میرے خیالوں میں اک خیال
آتے اگر ادھر کو بھی وہ صاحبِ کمال

جیون گزر رہا ہے خیالِ حسین پر
پڑتے نبی کے پاؤں جو میری زمین پر

اے کاش اس زمیں سے گزرتے مرے حضور
سارا زمانہ دیکھتا پھر تو ہمارا نور

ملتی ہمارے دشت کو بھی نسبتِ بلند
ہوتا ہمارا دیس ہزارہ بھی ارجمند

قسمت پہ ناز کرتے یہاں کے مکین بھی
شام و سحر اترتے ادھر زائرین بھی

سارے پکھل کو دولتِ نسبت کے فیض سے
پل پل بچاتا ربِ عظیما کے غیض سے

پھرتے ہر ایک دشت میں پڑھتے ہوئے نماز
کہتے کہ اس جگہ پہ رکے تھے شہِ حجاز

کہتے کہ فضل کر دیا ربِ غفور نے
سجدے کئے یہاں پہ ہمارے حضور نے

ہر ہر جگہ کو دیکھتے شوق و سرور سے
جلتے یقیں کے دیپ رسالت کے نور سے

لیکن یہ آرزو ہے فقط یہ خیال ہے
مدت سے حاضری کے لئے دل نڈھال ہے

محروم ہے زمیں مری پائے رسول سے
لیکن کوئی گلہ نہیں ربِ نزول سے

ہر دم ادھر بھی نام چمکتا انہی کا ہے
یعنی تمام تر یہ علاقہ انہی کا ہے

چشمِ طلب سجی ہے خدایا قبول ہو
مجھ خاک کو بھی نسبتِ کوئے رسول ہو

سہیل احمد صمیم

post bar salamurdu

سہیل احمد صمیم

سہیل احمد صمیم (اردو اور ہندکو شاعر/ادیب)۔ تعلیمی قابلیت: بی بی اے آنرز (ایچ آر ایم)، ایل ایل بی اور ایم اے اردو گولڈ میڈلسٹ۔ شائع شدہ کتاب کا نام: اِلی النُور (نعتیہ شاعری)۔ زیرِ طبع کتب۔ 1. لایزال (دوسرا نعتیہ مجموعہ )۔ 2. خواب کہاں جاتی ہیں (اردو شعری مجموعہ ) 3. ہزار میں فارسی زبان و ادب کی روایت (تحقیق) دیگر حوالہ جات کالم نگاری : ادبی، تحقیقی اور تخلیقی مضامین مختلف ادبی رسائل اور پلیٹ فارمز میں شائع ہو تے رہتے ہیں۔ آپڑی ہندکو سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے بانی بھی ہیں جہاں ہندکو زبان و ادب کی ترویج و ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

سلام اردو سے ​​مزید
Close
Back to top button