آپ کا سلاماردو غزلیاتشعر و شاعری

تری جدائی میں یہ دل

سید کاشف رضا کی ایک اردو غزل

تری جدائی میں یہ دل بہت دکھی تو نہیں

کہ اس کے واسطے یہ رت کوئی نئی تو نہیں

تم اپنے اپنے لگے تھے وگرنہ آنکھوں میں

اک اور خواب سجانے کی تاب تھی تو نہیں

تمہارے لب پہ کھلا ہے تو وعدہ ہے تسلیم

وگرنہ اپنے بھروسے کی تم رہی تو نہیں

ترے بغیر نہ جینے کا عہد پورا کیا

ترے بغیر جو کاٹی وہ زندگی تو نہیں

کبھی کبھی مجھے لگتا ہے وہ نہیں ہے وہ

مگر کبھی کبھی لگتا ہے وہ وہی تو نہیں

سید کاشف رضا

سید کاشف رضا

سید کاشف رضا شاعر، ناول نگار اور مترجم ہیں۔ ان کی شاعری کے دو مجموعے "محبت کا محل وقوع" اور "ممنوع موسموں کی کتاب" شائع ہو چکے ہیں۔ ان کا ناول "چار درویش اور ایک کچھوا" 2018 میں شائع ہوا جسے اس سال کا یو بی ایل پرائز برائے فکشن دیا گیا۔ انھوں نے محمد حنیف کے ناول "A Case of Exploding Mangoes" کا اردو ترجمہ "پھٹتے آموں کا کیس" کے نام سے کیا جو 2019 میں شائع ہوا تاہم اس پر بعد میں پابندی عائد کر دی گئی۔ انھوں نے نوم چومسکی کی تحریروں کے تراجم کیے جو دو مجموعوں "دہشت گردی کی ثقافت" اور "گیارہ ستمبر" کی شکل میں شائع ہوئے۔ منیزہ نقوی کی کراچی سے متعلق کتاب کا ترجمہ "مہمان" کے نام سے کیا اور کورونا دنوں کے تجربات پر مبنی اردو اور انگریزی تحریروں اور فن پاروں کو نائلہ محمود کے ساتھ مرتب کیا جن کا مجموعہ Between Quarantine and Quest کے نام سے شائع ہوا۔انھوں نے ارندھتی رائے کی کتاب "آزادی" کا بھی ترجمہ کیا جو 2021 میں شائع ہوا۔ اس کے علاوہ وہ خورخے لوئیس بورخیس، جیمز جوئس، جوسپ نوواکووچ، ایہرن ایپل فلڈ، ائین بینکس، ازابیل آئندے و دیگر مصنفین کی تحریروں کا ترجمہ بھی کر چکے ہیں۔ انھوں نے حال ہی میں بچوں کے مشہور ناول The Secret Garden کا اردو ترجمہ مکمل کیا ہے۔ کاشف رضا نے ادبیات و دیگر فنون پر تبصروں کے ایک کتابی سلسلے "کراچی ریویو" کی بھی بنیاد ڈالی اور ان کی ادارت میں اس کے چھ شمارے سامنے آ چکے ہیں۔ وہ بطور پیشہ صحافت سے منسلک ہیں اور جیو نیوز سے بہ طور ایگزیکٹو پروڈیوسر وابستہ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ اشاعتیں

سلام اردو سے ​​مزید
Close
Back to top button