اردو غزلیاتڈاکٹر صباحت عاصم واسطیشعر و شاعری
مکاں سے دور کہیں لا مکاں سے ہوتا ہے
ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی کی ایک اردو غزل
مکاں سے دور کہیں لا مکاں سے ہوتا ہے
سفر شروع یقیں کا گماں سے ہوتا ہے
وہیں کہیں نظر آتا ہے آپ کا چہرہ
طلوع چاند فلک پر جہاں سے ہوتا ہے
ہم اپنے باغ کے پھولوں کو نوچ ڈالتے ہیں
جب اختلاف کوئی باغباں سے ہوتا ہے
مجھے خبر ہی نہیں تھی کہ عشق کا آغاز
اب ابتدا سے نہیں درمیاں سے ہوتا ہے
عروج پر ہے چمن میں بہار کا موسم
سفر شروع خزاں کا یہاں سے ہوتا ہے
زوال موسم خوش رنگ کا گلہ عاصمؔ
زمین سے تو نہیں آسماں سے ہوتا ہے
ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی