آپ کا سلاماردو غزلیاترفیق لودھیشعر و شاعری
خواب در خواب مرے خواب میں شامل ہوئی ہے
ایک اردو غزل از رفیق لودھی
خواب در خواب مرے خواب میں شامل ہوئی ہے
خاک ِ صحرا مرے اسباب میں شامل ہوئی ہے
رقص کرتا تھا مرا عشق سرِ دشت ِ جنوں
تھکن اس واسطے اعصاب میں شامل ہوئی ہے
روشنی روشنی کہتے ہوئے دنیا والو
تیرگی حلقہ ء احباب میں شامل ہوئی ہے
راکھ ہونے لگے ہیں خواب مری آنکھوں میں
آگ یوں خطہ ء شاداب میں شامل ہوئی ہے
دیے کی لو مرے ہاتھوں میں دعا بننے لگی
روشنی تب مرے محراب میں شامل ہوئی ہے
چیختے چیختے خاموش ہوا ہوں لودھی
خامشی یوں مرے مضراب میں شامل ہوئی ہے
رفیق لودھی