اسلامی گوشہعاصمہ فرازنعتیہ کلام ﷺ
بنا کے رحمت جو تھا اتارا مرا پیمبرﷺ
عاصمہ فراز کا اردو نعتیہ کلام ﷺ
بنا کے رحمت جو تھا اتارا مرا پیمبرﷺ
ہر ایک دکھ میں بنا سہارا مرا پیمبرﷺ
ہے یہ وہ ہستی کہ جس کی خاطر جہاں بنایا
وہ نورِ عالم کا اک منارا مرا پیمبرﷺ
سوال تھا یہ کہ لائے ہو کیا کوئی سفارش؟
جواب میں دل یہی پکارا مرا پیمبرﷺ
میں معتبر ہوں جہان بھر میں اسی کے دم سے
ہے میری امید اور سہارا مرا پیمبرﷺ
ہر ایک دل میں دھڑک رہا ہے وہ بن کے دھڑکن
ہر اک کی آنکھوں کا جو ہے تارا ، مرا پیمبرﷺ
درود ان پر پڑھا تو یکدم ہوا اجالا
کہ روشنی کا ہے استعارہ مرا پیمبرﷺ
ہے آس میری مدینے جاؤں کروں زیارت
جو اذن دے کر کرے اشارہ مرا پیمبرﷺ
جو مجھ سے پوچھے خدا بلا کر کہ کیا عطا ہو؟
میں مسکرا کر کہوں خدارا مرا پیمبرﷺ
انھی کے در سے ہنر ملا ہے سخن وری کا
عطا کا دریا سخا کا دھارا مرا پیمبرﷺ
عاصمہ فراز








