تجھ کو اک نغمہ بنانا چاہتی ہوں
زندگی کو گنگنانا چاہتی ہوں
روشنی جو تیری آنکھوں میں بسی ہے
ہر کرن اُس کی چرانا چاہتی ہوں
سُن کسی دن تُو مرے غم کی کہانی
تجھ کو دردِ دل بتانا چاہتی ہوں
رہنے دے ہاتھوں میں میرے ہاتھ اپنا
لاج اُلفت کی بچانا چاہتی ہوں
میں عبث روٹھی رہی ناہید خود سے
اب ذرا ہنسنا ہنسانا چاہتی ہوں
ناہید ورک