نجات
نزول عتاب کی گھڑی
نزدیک ہے
درباری کتے!
روپوش باغیوں کی تلاش میں
زمینیں سونگھتے پھر رہے ہیں
سربراہوں کی قوت فیصلہ جواب دے چکی ہے
ان کے مفلوج ہاتھ
درباریوں کے رچائے شڑینتروں پر
کیوں دستخط کرنے کی مشینیں ہیں
ان کی زبانیں صرف دھمکیاں بولتی ہیں
ان کے انا پرست کان
گڑگڑاہٹیں سننے کے عادی ہو چکے ہیں
مشیروں اور صلاح کاروں کا دعویٰ ہے
کہ وہ جلد ہی سربراہوں کو
دستخطوں کی زحمت سے بھی نجات دلانے کا راستہ ڈھونڈ نکالیں گے
آشفتہ چنگیزی