نذرانۂِ عقیدت بحضور سرورِ کائنات ﷺ
مرے لب پہ صلِّ علی ٰ رہے مرے دل میں عشقِ رسولﷺ ہو
یہی ہو وظیفۂِ روز و شب یہی زندگی کا اصول ہو
میں پڑھوں درود و سلام اور پھر اٹھاؤں ہاتھ دعا کو جب
ملے نام انﷺ کا دعا ؤں میں تو مری دعا بھی قبول ہو
کبھی حاضری کا جو اذن ہو مجھے ان ﷺکے روضۂِ پاک پر
جو وہاں ہو پیشِ نظر مرے وہ بس اک نظر کا حصول ہو
میں گدائے رحمتِ دو جہاں ﷺمیں غبارِ راہِ حضور ﷺ ہوں
وہ ﷺجو ملتفت ہوں مری طرف مرا دل کبھی نہ ملول ہو
مرے رب مری ہے یہ التجا درِمصطفیٰ ﷺسے جڑا رہوں
مری ذات میرے عیال پر تری رحمتوں کا نزول ہو
سعید سعدی