اسلامی گوشہنعتیہ کلام ﷺ

مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے​

ایک اردو نعتﷺ از مظفر وارثی​

مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے​

کمالِ خلّاق ذات اُسکی​
جمالِ ہستی حیات اُسکی​
بشر نہیں عظمتِ بشر ہے​
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے​

وہ شرحِ احکامِ حق تعالٰی​
وہ خود ہی قانون خود حوالہ​
وہ خود ہی قرآن خود ہی قاری​
وہ آپ مہتاب آپ ہالہ​
وہ عکس بھی اور آئینہ بھی​
وہ نکتہ بھی خط بھی دائرہ بھی​
وہ خود نظارہ ہے خود نظر بھی​
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے​

شعور لایا کتاب لایا​
وہ حشر تک کا نصاب لایا​
دیا بھی کامل نظام اسنے​
اور آپ ہی انقلاب لایا​
وہ علم کی اور عمل کی حد بھی​
ازل بھی اسکا اور ابد بھی​
وہ ہر زمانے کا راہبر ہے​
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے​

ہر اک پیمبر نہاں ہے اس میں​
ہجومِ پیمبراں ہے اس میں​
وہ جس طرف ہے خدا ادھر ہے​
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے​

بس ایک مشکیزہ اک چٹائی​
ذرا سے جو اک چارپائی​
بدن پہ کپڑے واجبی سے​
نہ خوش لباسی نہ خوش طباعی​
یہی ہے کل کائنات جسکی​
گنی نہ جائیں صفات جسکی​
وہی تو سلطانِ بحر و بر ہے​
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے؎​

جو اپنا دامن لہو سے بھر لے​
مصیبتیں اپنی جان پر لے​
جو تیغ زن سے لڑے نہتا​
جو غالب آکر بھی صلح کر لے​
اسیر دشمن کی چاہ میں بھی​
مخالفوں کی نگاہ میں بھی​
امیں ہے صادق ہے معتبر ہے​
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے​

جسے شہِ شش جہات دیکھوں​
اسے غریبوں کے ساتھ دیکھوں​
کدال پر بھی وہ ہاتھ دیکھوں​
لگے جو مزدور شاہ ایسا​
نہ زر نہ دھن سربراہ ایسا​
فلک نشیں کا زمین پہ گھر ہے​
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے​

وہ خلوتوں میں بھی صف بہ صف بھی​
وہ اس طرف بھی وہ اس طرف بھی​
محاذ و منبر ٹھکانے اس کے​
وہ سر بسجدہ وہ سر بکف بھی​
کہی وہ موتی کہیں ستارہ​
وہ جامعیت کا استعارہ​
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے​

مظفر وارثی​

سائٹ ایڈمن

’’سلام اردو ‘‘،ادب ،معاشرت اور مذہب کے حوالے سے ایک بہترین ویب پیج ہے ،جہاں آپ کو کلاسک سے لے جدیدادب کا اعلیٰ ترین انتخاب پڑھنے کو ملے گا ،ساتھ ہی خصوصی گوشے اور ادبی تقریبات سے لے کر تحقیق وتنقید،تبصرے اور تجزیے کا عمیق مطالعہ ملے گا ۔ جہاں معاشرتی مسائل کو لے کر سنجیدہ گفتگو ملے گی ۔ جہاں بِنا کسی مسلکی تعصب اور فرقہ وارنہ کج بحثی کے بجائے علمی سطح پر مذہبی تجزیوں سے بہترین رہنمائی حاصل ہوگی ۔ تو آئیے اپنی تخلیقات سے سلام اردوکے ویب پیج کوسجائیے اور معاشرے میں پھیلی بے چینی اور انتشار کو دورکیجیے کہ معاشرے کو جہالت کی تاریکی سے نکالنا ہی سب سے افضل ترین جہاد ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ اشاعتیں

Back to top button