آپ کا سلاماردو غزلیاتخالد سجادشعر و شاعری
مجھ پہ احسان کیا دوست بنا کر اُس نے
خالد سجاد کی ایک اردو غزل
مجھ پہ احسان کیا دوست بنا کر اُس نے
جب دیا ساتھ مرا ہاتھ اُٹھا کر اُس نے
اور کچھ دیر مری راکھ بکھرنے دیتا
ابر کیوں بھیج دیا آگ لگا کر اُس نے
دل تو کرتا ہے مرا پھر بھی گلہ کیسے کروں
مجھ کو لوٹا ہے بہت پیار جتا کر اُس نے
اپنے پیروں پہ زرا کیا مجھے چلنا آیا
بھیڑ میں چھوڑ دیا ہاتھ چھڑا کر اُس نے
نُور سے بھرنے لگا ہے مرا ویرانہء دل
کیا مجھے یاد کیا دیپ جلا کر اُس نے
عکس ترتیبِ خد و خال میں آئے کیسے ؟
آئینہ توڑ دیا شکل دکھا کر اُس نے
جنگ میں جیت ضروری تھی کہ خالد سجاد
مجھ کو للکارا تھا میدان میں آ کر اُس نے
خالد سجاد