اسلامی گوشہڈاکٹر طارق قمرسلام اہل بیت

مرے سکوت کی شرحِ نوا

سلام اہل بیت از ڈاکٹر طارق قمر

مرے سکوت کی شرحِ نوا حسین حسین
میں سن رہا ہوں صدا در صدا حسین حسین

اِدھر مدینے سے تا کربلا حسین حسین
اُدھر بھی ہے سرِ عرشِ خدا حسین حسین

سلام بھیجتا ہوں مصطفیٰ کے روضے پر
جواب دیتی ہے آکر ہوا حسین حسین

ہیں آیتیں سرِ نیزہ حسین کے لب پر
اور آیتوں کے لبوں پر صدا حسین حسین

جہاں پہ توڑا دم اصغر کی بے زبانی نے
وہیں سے گونجی صدائے بقا حسین حسین

علی علی کا وظیفہ ہر ایک مشکل میں
نمازِ عشق میں پڑھتا رہا حسین حسین

مری دعا کوئ یونہی قبول ہوتی ہے
سجاتا رہتا ہے لہجہ مرا حسین حسین

اٹھاکے رکھ دیے میں نے سبھی اصولِ عروض
یہی ردیف یہی قافیہ حسین حسین

سمٹتے جاتے ہیں مفہومِ وحدت و کثرت
بناتا جاتا ہے اک دائرہ حسین حسین

نبی شفاعتِ امت کی کررہے ہیں دعا
ہتھیلیوں پہ لکھی ہے دعا حسین حسین

نماز میرا مصلّیٰ بچھانے آتی ہے
سنا ہے جب سے وظیفہ مرا حسین حسین

لکھی جو میں نے انا من حسین کی تفسیر
نبی نبی کی جگہ بھی لکھاحسین حسین

کھڑا ہوں سامنے ظالم کے سر اٹھائے ہوئے
بڑھا رہا ہے مرا حوصلہ حسین حسین

کہا حسین نے جب لا الہ الا اللہ
جواب عرشِ بریں نے دیا حسین حسین

نماز و روزہ و حج و ذکوٰ ۃ دیکھیں گے
کرے گا حشر میں جب فیصلہ حسین حسین

ذرا بجھا کے جو دیکھا چراغِ خیمہءِ جاں
تھا جاں نثاروں کی لّو نے لکھا حسین حسین

طنابِ خیمہءِ صبر و رضا ہے بنتِ علی
وقارِ خیمہءِ صبر و رضا حسین حسین

سلام کرکے فرشتے چلے گئے طارق
مری جبیں پہ تھا لکّھا ہوا حسین حسین

ڈاکٹر طارق قمر

ڈاکٹر طارق قمر

ڈاکٹر طارق قمر سینئر ایسو سی ایٹ ایڈیٹر نیوز 18 اردو لکھنئو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

سلام اردو سے ​​مزید
Close
Back to top button