اردو غزلیاتسعد اللہ شاہشعر و شاعری
خود اپنی حد سے نکل کر حدود ڈھونڈتی ہے
ایک اردو غزل از سعد اللہ شاہ
خود اپنی حد سے نکل کر حدود ڈھونڈتی ہے
کہ خاک بارِ دِگر بھی قیود ڈھونڈتی ہے
ہوائے تُند بڑھاتی ہے خود چراغ کی لو
کہ روشنی میں یہ اپنا وجود ڈھونڈتی ہے
ابھی ستارہ سا چمکا تھا میری پلکوں پر
کوئی تو شے ہے جو بود و نبود ڈھونڈتی ہے
بہار ہو کہ خزاں، کچھ نہیں ہے میرے بغیر
یہ کائنات بھی شاید شہود ڈھونڈتی ہے
یہ میرے شعر نہیں ہیں ترا سراپا ہے
کہ خوبصورتی اپنی نمود ڈھونڈتی ہے
یہی تو ہے المیّہ کہ رات دن دنیا
زیاں بدست ہر اک شے میں سود ڈھونڈتی ہے
بکھیر دے جو مری خاک کو ہر اک جانب
ہوائے روح اک ایسا سرود ڈھونڈتی ہے
خودی کو سعدؔ کسی مرتبے پہ لا کہ جہاں
ادائے ناز قیام و قعود ڈھونڈتی ہے
سعد اللہ شاہ