بس ایک چشمِ کرم، اے رسولِ عرب و عجم
مٹیں یہ درد و الم، اے رسولِ عرب و عجم
ادا میں کر نہیں سکتا، حقِ ثنا خوانی
اگر ہوں سات جنم،اے رسولِ عرب و عجم
یہ جو میں آپ کی توصیف لکھتا رہتا ہوں
ہے آپ کا ہی کرم، اے رسولِ عرب و عجم
مجھے قبول کریں، بزمِ نعت گوئی میں
عطا ہو زورِ قلم، اے رسولِ عرب و عجم
خدا نے وقتِ ملاقات یہ کہا ہو گا
بڑھائیں اپنے قدم، اے رسولِ عرب و عجم
کوئی نہ خالی گیا آج تک مدینے سے
رہے مرا بھی بھرم، اے رسولِ عرب و عجم
ہرایک غم سے ملے ، میری زندگی کو نجات
ہراک خوشی ہو بہم، اے رسولِ عرب و عجم
شاعر: سہیل احمد صمیمؔ
کتاب: الی النور








