آپ کا سلاماردو غزلیاتشعر و شاعریضمیر قیس

آشنائی کا اثاثہ بھی بہت

ضمیر قیس کی ایک اردو غزل

آشنائی کا اثاثہ بھی بہت ہوتا ہے
بھیڑ میں ایک شناسا بھی بہت ہوتا ہے
تم کو تفصیل میں جانے کی ضرورت ہی نہیں
دکھ بڑا ہو تو خلاصہ بھی بہت ہوتا ہے
ہم بھی کیا لوگ ہیں سب جھولیاں بھر لاتے ہیں
بے یقینی کا تو ماسہ بھی بہت ہوتا ہے
شکریہ کہہ کے تسلی ہمیں مل جاتی ہے
ورنہ احسان ذرا سا بھی ، بہت ہوتا ہے
یہ جو ہم لوگ دکھائی نہیں دیتے ہیں تمہیں ۔۔ !
کم نمائی کا یہ خاصہ بھی بہت ہوتا ہے
ہم فقیروں کی مناجات کا افسوس نہ کر
ہاتھ خالی ہوں تو کاسہ بھی بہت ہوتا ہے
آپ ہمدردی کے احسان لیے پھرتے ہیں
رونے والوں کو دلاسہ بھی بہت ہوتا ہے
سوکھ جاتے ہیں تعلق کے یہ تالاب ضمیر
جن دنوں آدمی پیاسا بھی بہت ہوتا ہے

ضمیر قیس

post bar salamurdu

ضمیر قیس

ضمیرقیس ملتان سے تعلق رکھنے والا شاعر ہے غزلوں کے دو مجموعے شائع ہوچکے ہیں اس کے پہلے مجموعے سے ہی اس کی غزل اٹھان نے ثابت کردیا تھا کہ ملتان سے غزل کا ایک اہم شاعر منظر عام پر آرہا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

سلام اردو سے ​​مزید
Close
Back to top button