- Advertisement -

زبانِ فطرت سے ان دنوں میں نئے نئے راز سن رہا ہوں

شکیل بدایونی کی ایک اردو غزل

زبانِ فطرت سے ان دنوں میں نئے نئے راز سن رہا ہوں

مجھے یہ محسوس ہو رہا ہے خود اپنی آواز سن رہا ہوں

ہر اہلِ دل کی زباں پہ یکساں فسانۂ زندگی نہیںہے

کسی سے انجام سُن رہا ہوں میں ، کسی سے آغاز سن رہا ہوں

مجھے تو کوئی ملا نہ ایسا جو مرنے والوں کو زندہ کر دے

میں آج بھی بزمِ زاہداں میں حدیثِ اعجاز سن رہا ہوں

خبر نہیں امن کے اندھیرے میں کون خنجر چلا رہا ہے

کراہتی ، ڈوبتی ، سسکتی دلوں کی آواز سُن رہا ہوں

سُنا ہے اک لشکر عنادل مٹانے آیا ہے رسمِِ زنداں

قفس کے نزدیک کچھ دنوں سے میں شور پرواز سُن رہا ہوں

ملے گا نغمہ کوئی تو ایسا کہ ہو گی جس پر حیات رقصاں

شکیل میں دل کی انجمن میں صدائے ہر ساز سُن رہا ہوں

شکیلؔ بدایونی

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
مصطفیٰ خان شیفتہ کی ایک اردو غزل