بنیادی تنقیدی تصورات
رپورٹ : عروج احمد (میڈیا ہیڈ، ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر)
“بنیادی تنقیدی تصورات ” (مترجم: الیاس بابر اعوان) کی تقریبِ پذیرائی و رونمائی جمعہ، مورخہ گیارہ مئی دو ہزار اٹھارہ کو سہ پہر تین بجے کر تیس منٹ پر ادارہ فروغِ قومی زبان (مقتدرہ قومی زبان) اسلام آباد میں منعقد ہوئی ۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز اللہ پاک کے بابرکت نام سے ہوا ۔ تلاوتِ کلامِ پاک اور ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی رکن آبرؤ نبیلہ اقبال نے حاصل کی ۔
پروگرام کی صدارت پروفیسر فتح محمد ملک نے کی ۔ مہمانانِ خصوصی میں محمد حمید شاہد، ڈاکٹر محمد سفیر اعوان جبکہ مہمانانِ اعزاز میں ڈاکٹر عزیز ابن الحسن (صدر شعبہُ اردو، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی)، ڈاکٹر فرحت جبین ورک (صدر، شعبہ اردو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی)، ڈاکٹر محمد شیراز دستی (صدر شعبہُ انگریزی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی)، فرخ ندیم (لیکچرر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی)، عابدہ تقی (شاعرہ ،افسانہ نگار) نے شرکت کی ۔
تقریب میں سینئر ادیبوں کی طرف سے الیاس بابر اعوان کی اس کاوش کو سراہا گیا اور کتاب کے علمی و فنی پہلوؤں پر بھی اظہارِ خیال کیا گیا ۔ پروگرام میں ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی رکن نوشین قمر نے بھی کتاب پر اپنا تبصرہ و تجزیہ پیش کیا ۔
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے تقریب کے صدر فتح محمد ملک نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ حاضرین نے بہت دلچسپی سے اس تمام گفتگو کو سنا اور سراہا اور یہ کہ ان کی خواہش ہے کہ جیسے ایک زمانے میں بغداد میں ایک دارالحکمت قائم تھا ویسا ہی ایک دارالحکمت یہاں اسلام آباد میں بھی بنایا جائے اور ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی اس تقریب میں شرکت کر کے مجھے یہ یقین ہو چلا ہے کہ ایسا کرنا ناممکن نہیں ۔
مہمانِ خصوصی حمید شاہد صاحب نے ینگ ویمن رائٹرز فورم کی اس شاندار تقریب کو سراہا اورالیاس بابر اعوان کی کتاب کوایک عمدہ اضافہ قرار دیا
تقریب کا دورانیہ دو گھنٹے پر محیط رہا جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔
ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی صدر فرحین خالد اور کوفاؤنڈر رابعہ بصری نے تمام گراں قدر مہمانان اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں اور فورم کے مقابلوں میں سرفہرست آنے والے ممبران کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا ۔
تقریب کے آخر میں ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی کابینہ کی جانب سے کوفاؤنڈر اسلام آباد چیپٹرابعہ بصری کو ایک سال عمدگی سے بحیثیت صدر فورم کو بہترین انداز میں آگے لے جانے پر اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا اور فورم کی ترقی کو ان کی ان تھک محنت اور کاوش کا ثمر قرار دیا ۔
رپورٹ : عروج احمد (میڈیا ہیڈ، ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر)