آپ کا سلاماردو غزلیاتشعر و شاعریمظفر ڈھاڈری بلوچ

اگائیں کیسے یقین آنکھیں

مظفرؔ ڈھاڈری بلوچ کی ایک اردو غزل

اگائیں کیسے یقین آنکھیں
ہماری بنجر زمین آنکھیں

ہمارے دل کو بناکے صادق
بنائیں رب نے امین آنکھیں

اداسیوں سے بچا کے رکھنا
تم اپنی پیاری حسین آنکھیں

بتاو آخر خفا ہیں کس سے
تمہاری گوشہ نشین آنکھیں

نہ پوچھ کتنی بے چارگی ہے
رگڑ رہی ہیں جبین آنکھیں

ہمارے دل کے مکان کی ہوں
سدا تمہاری مکین آنکھیں

قدم قدم پر اداسیاں تھیں
اجڑ گئیں سو،نگین آنکھیں

کوئی بھی میسج نہ رائیگاں ہو
کریں جو اک بار سین آنکھیں

خزاں کی زردی میں بھی مظفرؔ
دکھائیں سپنے رنگین آنکھیں

مظفرؔ ڈھاڈری

post bar salamurdu

مظفر ڈھاڈری

اصل نام مظفر علی بلوچ اور قلمی نام مظفرؔ ڈھاڈری بلوچ ہے۔ آپ یکم مارچ 1998 کو تحصیل لہڑی، ضلع سبی کے قدیم و سادہ دل گاؤں تریہڑ میں پیدا ہوئے۔ بچپن ہی کی عمر تھی جب والد کی ملازمت کے سبب خاندان نے ڈھاڈر، ضلع بولان کا رخ کیا۔ آٹھ دس برس کی عمر کے اس کم سن مسافر نے جب ڈھاڈر کی مٹی کی خوشبو، ہوا کی نرمی اور لوگوں کی محبت دیکھی تو یوں لگا جیسے یہ زمین اس کے وجود کی بُن میں جاگھسی۔ یہی وجہ ہے کہ بعد ازاں آپ نے اپنے نام کے ساتھ ڈھاڈری کا لاحقہ اختیار کیا، جیسے شناخت اور محبت کا ایک حسین امتزاج۔ ابتدائی تعلیم سے لے کر ایف۔ایس۔سی تک کا زمانہ ڈھاڈر ہی کی درسگاہوں میں بسر کی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے بلوچستا یونیورسٹی کا انتخاب کیا، جہاں سے آپ نے ایم۔اے اردو کی ڈگری حاصل کی اور زبان و ادب کے وسیع بحر میں اپنے لیے ایک راستہ متعین کیا۔ شاعری کے مزاج اور فن کی تربیت کے لیے آپ نے کئی تجربہ کار اور معتبر اساتذہ سے فیض حاصل کیا جن میں شاہ نواز راہی، ذوالفقار یوسف، فیاض تبسم نیازی جیسے نام شامل ہیں۔ موجودہ دور میں آپ نامور شاعر حسرت رشید سے باقاعدہ اصلاح لے رہے ہیں اور ان کی شاگردی میں شاعری کے رموز و دقائق کو نہایت شوق اور انہماک سے سیکھ رہے ہیں۔ مظفر ڈھاڈری نے نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان بھر کے مشاعروں میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ مختلف ادبی محفلوں، قومی و صوبائی مشاعروں اور ثقافتی تقریبات میں آپ بارہا مدعو کیے جاتے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

سلام اردو سے ​​مزید
Close
Back to top button