محرم الحرام کی پہلی تاریخ
ابو خالد قاسمی استاذ جامعہ اسلامیہ گلزار
محرم الحرام کی پہلی تاریخ کے چند اہم اعمال اور مجرب فوائد
محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ اور ان چار عظمت والے مہینوں میں سے ایک ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے خصوصی حرمت و فضیلت عطا فرمائی ہے۔ نیا ہجری سال درحقیقت محاسبۂ نفس، اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع، خیر کے کاموں کی ابتدا اور اپنی زندگی میں برکت و اصلاح کی نئی امید کا پیغام لے کر آتا ہے۔
صالحین اور اہلِ علم کے ہاں یہ معمول رہا ہے کہ وہ سال کے آغاز پر بعض ایسے اعمال اور مجربات کا اہتمام کرتے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ کی رحمت، برکت، رزق، حفاظت اور عافیت کے حصول کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، البتہ اس عقیدے کے ساتھ کہ نفع و نقصان کا حقیقی مالک صرف اللہ تعالیٰ ہے، اور تمام اسباب اسی کے حکم اور مشیت کے تابع ہیں۔
❶ بسم اللہ شریف لکھنے کا عمل
اہلِ خیر کے مجرب اعمال میں سے ایک یہ ہے کہ محرم کی پہلی تاریخ کو فجر کے بعد طلوعِ آفتاب سے پہلے پاکیزہ کاغذ پر "بسم اللہ الرحمن الرحیم” ایک سو تیرہ (113) مرتبہ لکھی جائے اور اسے حفاظت و برکت کی نیت سے اپنے پاس رکھا جائے۔
چنانچہ مفتی محمد شفیع عثمانی صاحب رحمۃ اللّٰه علیہ "جواھر الفقہ” میں لکھتے ہیں :
جو شخص محرم کی پہلی تاریخ کو ایک سو تیرہ (113) مرتبہ پوری "بسم اللّٰه الرحمٰن الرّحیم” کاغذ پر لکھ کر اپنے پاس رکھے گا ، ہر طرح کی آفات ومصائب سے محفوظ رہے گا، مجرب ہے۔
(جواھر الفقہ: 2/187)
اس عمل کے وقت باوضو، قبلہ رخ ہو کر اللہ تعالیٰ کی حمد، نبی کریم ﷺ پر درود شریف اور سورۂ فاتحہ پڑھ کر اس کا ثواب حضور اکرم ﷺ اور صالحین کی ارواح کو پہنچانا مستحسن سمجھا گیا ہے۔
اس کے بعد یہ دعا پڑھی جائے:
اللَّهُمَّ يَا مُحَوِّلَ الْأَحْوَالِ، حَوِّلْ حَالِي إِلَى أَحْسَنِ الْأَحْوَالِ، بِحَوْلِكَ وَقُوَّتِكَ، يَا عَزِيزُ يَا مُتَعَالِ.
ترجمہ:
اے حالات کو بدلنے والے اللہ! اپنے فضل و قوت سے میرے حالات کو بہترین حالات میں تبدیل فرما، اے غالب اور بلند و برتر ذات!
❷ شومر (سونف) پینے کا مجرب عمل
بعض اکابرِ علم کے سامنے ایک طبی فائدہ بھی ذکر کیا گیا کہ محرم کی پہلی تاریخ میں شومر (سونف) کا جوشاندہ پینا عافیت اور صحت کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔
اس کی ترکیب یہ ہے کہ تقریباً ڈیڑھ بڑا چمچ سونف ایک بڑے کپ گرم پانی میں ڈال کر دس منٹ تک ڈھانپ دیا جائے، پھر اسے پی لیا جائے۔ بہتر یہ ہے کہ اسے خالی پیٹ نوش کیا جائے۔
یہ عمل محض ایک مجرب تدبیر ہے، شفا اور حفاظت کا حقیقی سرچشمہ صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔
شومر (سونف) کے طبی فوائد
سونف ایک معروف غذائی اور طبی نباتات میں شمار ہوتی ہے۔ قدیم اور جدید طبی ماہرین نے اس کے متعدد فوائد ذکر کیے ہیں، جن میں:
– معدے کو تقویت دینا اور ہاضمہ بہتر بنانا۔
– پیٹ کی گیس، اپھارہ اور قولنج میں فائدہ پہنچانا۔
– پیشاب آور ہونا اور بعض رکاوٹوں کو دور کرنے میں معاون ہونا۔
– دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے دودھ میں اضافے کا سبب بننا۔
– کھانسی اور سانس کی بعض تکالیف میں مفید ہونا۔
– بھوک بڑھانے اور معدے کی کمزوری کو دور کرنے میں مدد دینا۔
اسی بنا پر برصغیر کے کئی علاقوں میں کھانے کے بعد سونف استعمال کرنے کی روایت آج بھی موجود ہے۔
❸ آیت الکرسی کی کثرت سے تلاوت
بعض صالحین کے مجربات میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ محرم کی پہلی تاریخ کو آیت الکرسی تین سو ساٹھ (360) مرتبہ پڑھی جائے، اور ہر مرتبہ ابتدا میں بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھی جائے۔
اس عمل کے بعد مذکورہ دعا پڑھی جائے اور اللہ تعالیٰ سے خیر، حفاظت، برکت اور شیطان کے شر سے پناہ طلب کی جائے۔
اگرچہ یہ امور واجب یا سنتِ مؤکدہ نہیں ہیں، لیکن نیک لوگوں کے مجرب اعمال میں شمار ہوتے ہیں۔ لہٰذا جو شخص انہیں اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ رکھتے ہوئے محض خیر و برکت کی امید سے اختیار کرے، اس کے لیے گنجائش ہے، بشرطیکہ یہ اعتقاد نہ رکھا جائے کہ یہ اعمال بذاتِ خود مؤثر ہیں؛ کیونکہ نفع و ضرر کا مالک صرف اللہ رب العزت ہے۔
ابو خالد قاسمی
استاذ جامعہ اسلامیہ گلزار قرآنیہ کلچھینہ








