- Advertisement -

کبھی نہ لٙوٹ کے آنے کی بات کرتے ہوئے

ایک اردو غزل از محمود کیفی

کبھی نہ لٙوٹ کے آنے کی بات کرتے ہوئے
رُکا ہُوا تھا وہ جانے کی بات کرتے ہوئے

گِرا زمیں پہ وہ ایسا ، کہ پھر اُٹھا نہ گیا
کسی کا بوجھ اُٹھانے کی بات کرتے ہوئے

کسی کے دل کی تمنّا کا خُون کر بیٹھا
کسی کی جان بچانے کی بات کرتے ہوئے

کسی کا ذِکر ہُوا بار بار محفِل میں
کسی کو دِل سے بھُلانے کی بات کرتے ہوئے

کسی نے اپنی ہی سانسوں کا ساتھ چھوڑ دِیا
کسی کا ساتھ نِبھانے کی بات کرتے ہوئے

پُرانے گھر کے تصوُّر سے آنکھ بھر آئی
نیا مکان بنانے کی بات کرتے ہوئے

وہ اپنا حال سُناتے ہی رو دِیا کیفی
جو ہنس رہا تھا زمانے کی بات کرتے ہوئے

(شاعر : محمود کیفی)

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
ایک اردو غزل از محمود کیفی