ہو مومنوں کو ہمیشہ پیام عیدمبارک
گگن کے پار سے آیا سلام عیدمبارک
کبھی بھی آئے نہ گلشن پہ میرے غم کا کوئی پل
خُدا کرے رہے چلتا نظام عید مبارک
عبادتوں میں رہیں رات دن یونہی سدا مصروف
ہو مسلمانوں کو یہ اہتمام عید مبارک
افق پہ جیسے ہی آیا نظر ہلال کا یہ چاند
زمانے میں ہو گیا حرفِ عام عید مبارک
یونہی سجے رہیں پلکوں پہ خواب آپ کے ہر دم
دیے جلاتی رہوں گی بنام عید مبارک
ہمارے ربّ کا ہے احسان جس نے ہم کو یہ بخشا
پیئیں گے مل کے سبھی ساتھ جام عید مبارک
خدا سے مانگی ہے میں نے سدا دعا یہی واللہ
ہو دوستوں کو مرے صبح و شام عید مبارک
تمہاری خواہشیں پوری صنم ہوں ساری کی ساری
رہیں حیات میں خوشیاں مدام عید مبارک
ادائے حُسن دِکھا کر مناؤں گی اُنہیں بشریٰؔ
نظر سے پیش کروں گی سلام عید مبارک
بشریٰ سعید عاطف








