اردو تحاریراردو کالمزشہزاد نیّرؔ

احمد ندیم قاسمی

برسی کے حوالے سے مضمون

10 جولائی 2006 کو حضرت احمد ندیم قاسمی کا انتقال ہوا۔ ان کی برسی کی مناسبت سے کچھ یادیں پیش ہیں۔ مضمون میں جس دفتر کا ذکر ہے اس میں آج کل جناب عباس تابش جلوہ افروز ہوتے ہیں۔ (ش، ن) ۔ ۔ ۔ کیا میں سورج پہ روشنی ڈالوں! تحریر : شہزاد نیر اردو کی دسویں جماعت کی کتاب میں ایک کہانی تھی ”گھر سے گھر تک“ ۔

سکول میں پڑھنے سے پہلے ہی گھر پہ پڑھ لی۔ پھر بار بار پڑھی۔ پھر خون میں رواں ہو گئی۔ یہ محترم احمد ندیم قاسمی سے پہلا تعارف تھا۔ اس کے بعد دل سے کہانیاں گزرنے لگیں، روح پر نظمیں گرتی رہیں، دشت جاں پر غزلیں ٹپک پڑیں۔ آسمان کی پوجا دور ہی دور سے ہوتی رہی۔ اس دن میں صبح سویرے گوجرانوالا سے چل پڑا تھا۔ کلب روڈ پر واقع مجلس ترقی ادب کے دروازے تک تو میں تازہ دم تھا، اس سے آگے توانائی ساتھ چھوڑ گئی۔ ادھر ادھر گھومتا رہا۔

گیٹ کے ساتھ ہی کپڑے کی چھت والا چائے خانہ تھا۔ مٹکے سے پانی پیا تو بھوک یاد آئی۔ چائے بسکٹ نے بھوک کو تو پرے دھکیل دیا پر ہمت کہاں سے آتی۔ جیب میں رکھی دو غزلیں بہت بھاری لگنے لگیں۔ قدموں نے مجھے اندر کا راستہ دکھایا۔ نیم پختہ روش جو گیٹ سے گھوم کر پرانی طرز کی عمارت تک جا رہی تھی، میری آہستہ خرامی کا جواز بن گئی۔ سامنے لان نظر آیا جسے باغ کہنا چاہیے۔ اونچے گھنے درخت، پھول، پودے اور گھاس ہی گھاس۔ میں عمارت کو جانے کی بجائے باغ کو چل دیا۔

چوری چھپے عمارت کی طرف بھی دیکھتا رہا۔ بظاہر چہل قدمی کرتے ہوئے دائرے کا رداس بڑھاتا رہا۔ عمارت قریب آنے لگی۔ کچھ حوصلہ پا کر قدم برآمدے کی طرف اٹھ گئے۔ دفتر کے باہر خوش خط تختی نظر آئی ”احمد ندیم قاسمی“ قدم پھر باغی ہو چکے تھے۔ ”کس سے ملنا ہے؟“ ”جی قاسمی صاحب سے“ ”تو مل لیجیے“ کس سہولت سے کہہ دیا گیا۔ میں نے بے یقینی سے دیکھا ”میں انہی کے دفتر میں ہوتا ہوں، چلیے آپ کو ملوا دیتا ہوں“ ۔ وہ کھڑے ہو گئے۔

ہاتھ ملایا اور چائے منگوا لی۔ میں صوفے کے کنارے پر اٹک گیا۔ وہ مجھ سے میرا پوچھتے رہے۔ پتہ ہی نہیں چلا کب غزلیں جیب سے نکل کر ان کے ہاتھ اور پھر بریف کیس میں چلی گئیں۔ باہر نکلا تو یقین نہیں آ رہا تھا۔ نہ خود پر نہ اس دن پر۔ ڈائری نے مجھ سے یہ جملہ لکھوایا ”اتنے شفیق، اتنے محبت بھرے، لگا وہ مجھے پہلے سے جانتے تھے۔ آج تو میں“ گھر سے گھر تک ”ہی گیا“ ۔ یہ احمد ندیم قاسمی صاحب سے پہلی ملاقات تھی۔ میں سیاچن کے محاذ پر تھا جب ان کا پہلا خط برف میں گلاب کھلا گیا۔

”آپ کی غزلوں میں بڑی چمک ہے۔ زیر ترتیب فنون میں درج ہوں گی“ ۔ یہ خط میں اپنے ہم کاروں کو دکھاتا پھرا۔ مجھے اپنا آپ اچھا لگنے لگا۔ پھر یہ گلاب کھلتے ہی رہے۔ کئی بار میں انہیں جوابی خط اس باریک چھال پر لکھتا جو شمالی علاقوں میں پائے جانے والے ایک درخت کے نرم تنے سے نکالی جاتی ہے۔ اس پر وہ بہت خوش ہوتے۔ لاہور میں تعینات ہوا تو ملاقاتیں باقاعدہ ہو گئیں۔ ادب، صحافت، ملکی معاملات اور فوجی زندگی پر گفتگو ہوتی۔

وہ از رہ شفقت کوئی بات پوچھ کر مجھے بھی سنتے۔ شگفتہ مزاج، نرم خو، تہذیب و شائستگی کا بہتا جھرنا۔ اور میں بھیگتا رہا برسوں۔ فوج سے متعلق بات ہوئی تو منصورہ احمد نے کہا ”فوجیوں کے لیے ایک سپر سٹور ہوتا ہے جہاں سے انہیں ضرورت کی اشیا آدھی قیمت پر ملتی ہیں“ میں نے سی ایس ڈی ( کینٹین سٹورز ڈیپارٹمنٹ ) کے بارے میں وضاحت کی کہ واقعی معمولی سی ( لگ بھگ 5 فیصد) رعایت ہوتی ہے لیکن وہاں سے ہر کوئی خریداری کر سکتا ہے صرف فوجی نہیں۔

اس پر قاسمی صاحب تو حیران ہوئے لیکن منصورہ احمد ماننے کو تیار نہیں تھیں۔ میں نے مال روڈ پر واقع سی ایس ڈی کی لوکیشن سمجھائی اور اصرار کیا کہ آپ اگلے ماہ کی خریداری وہیں سے کریں۔ کسی اگلی ملاقات پر انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی بہن کے ساتھ گئی تھیں اور خریداری بھی کی۔ میں خوش ہوا کہ یہ عام سی غلط فہمی تو دور ہوئی۔ ایک دن منصورہ احمد نے دوپہر کا کھانا لگوا دیا۔ احمد ندیم قاسمی اور میں۔ ایک ساتھ کھانا۔ دسویں میں پڑھتے ذہن کو یہ سوچ چھو بھی کیسے سکتی تھی۔
اس پر وہ کبھی سالن آگے کر دیتے اور کبھی پلیٹ۔ مجھ پر گھڑوں پانی پڑ جاتا۔ میں کھانے کے ساتھ خوشی کے آنسو پیتا رہا۔ جب کبھی میں اجازت طلب کرتا کہ باہر جا کر سگریٹ پی آؤں تو وہ کہتے ”یہیں بیٹھ کر پئیں۔ مجھے اس کی خوشبو اچھی لگتی ہے۔ میں نے بہت سال پیے۔ اب چھوڑ دیے ہیں“ ۔ وہ الحمرا ہال نمبر 3 کے طویل زینے کے پہلے قدم پر رک کر اوپر کو دیکھتے ہیں۔ میں لپک کر نیچے آتا ہوں۔ وہ میری دست گیری فرماتے ہیں۔ ان کا ہر قدم آہستہ سے میرے دل پر آن پڑتا ہے۔

وہ دشواری محسوس کرتے ہیں پھر بھی مجھے ساتھ لے کر سہج سہج اوپر جاتے ہیں۔ ملاقاتیں کبھی کلب روڈ اور کبھی ٹمپل روڈ پر واقع اساطیر کے دفتر میں ہوتی رہیں اور میں دامن میں پھول ستارے سمیٹتا رہا لیکن اس دن تو ان کے گھر جانا نصیب میں ہو گیا۔ منظر حسین اختر نے بتایا اور پوچھا ”قاسمی صاحب علیل ہیں۔ عیادت کو چلیے گا؟“ انہیں سانس کی تکلیف تھی۔ جلد ہی ہم انہیں آرام کرنے کی گزارش کر کے دوسرے کمرے میں آ گئے۔ میں وہ سادہ سا گھر دیکھتا رہا جہاں سے ہر صبح آفتاب پھوٹتا اور عالم میں کرنیں بکھیر کر شام کو واپس آتا تھا۔

اس دن ناہید قاسمی آپا نے چائے کیا پلائی، دریا پلا دیے۔ خود ان کی علم و ادب اور شاعری پر نگاہ حیران کن تھی۔ ز کوئے یار می آید نسیم باد نوروزی دسمبر کا کوئی دن تھا۔ وہ دفتر کا کام تو کر رہے تھے لیکن تھکے تھکے۔ فرمانے لگے ”بیٹا آج میری طبیعت کچھ اچھی نہیں، بات نہ کر پاؤں گا“ ۔ انہوں نے مفلر کس کر لپیٹا اور لکھنے لگے۔ میں دیکھتا رہا۔ ذہن انسانی کی عظمت، فکر و خیال کی رفعت، تکلم کی حلاوت، افکار و کردار کی صلابت۔ تھکے تھکے سے احمد ندیم قاسمی لکھتے رہے۔ پہلے تو سورج چمکتا رہا پھر قطرۂ اشک میں جھلملانے لگا۔ آنسوو! یہ افتخار میرے پوتوں نواسوں اور ان کے پوتوں نواسوں کو منتقل ہوتا رہے کہ میں نے احمد ندیم قاسمی کی آنکھیں دیکھ رکھی ہیں۔

شہزاد نیّرؔ

سائٹ ایڈمن

’’سلام اردو ‘‘،ادب ،معاشرت اور مذہب کے حوالے سے ایک بہترین ویب پیج ہے ،جہاں آپ کو کلاسک سے لے جدیدادب کا اعلیٰ ترین انتخاب پڑھنے کو ملے گا ،ساتھ ہی خصوصی گوشے اور ادبی تقریبات سے لے کر تحقیق وتنقید،تبصرے اور تجزیے کا عمیق مطالعہ ملے گا ۔ جہاں معاشرتی مسائل کو لے کر سنجیدہ گفتگو ملے گی ۔ جہاں بِنا کسی مسلکی تعصب اور فرقہ وارنہ کج بحثی کے بجائے علمی سطح پر مذہبی تجزیوں سے بہترین رہنمائی حاصل ہوگی ۔ تو آئیے اپنی تخلیقات سے سلام اردوکے ویب پیج کوسجائیے اور معاشرے میں پھیلی بے چینی اور انتشار کو دورکیجیے کہ معاشرے کو جہالت کی تاریکی سے نکالنا ہی سب سے افضل ترین جہاد ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ اشاعتیں

سلام اردو سے ​​مزید
Close
Back to top button