آبلہ پائی، تھکن، راہ کا ڈر، کیا معنی
شوقِ منزل ہو تو سامانِ سفر کیا معنی
جب ہمیں چھوڑ کے جاتے ہیں جو جانے والے
ان کی پھر یاد ہی رہتی ہے مگر کیا معنی
جس کے آگے ہو اگر سر بھی قلم بے معنی
اس کے آگے ہوں بھلا زخمِ جگر کیا معنی
اوڑھ کر تن پہ کفن ہم تو چلے زیرِ زمیں
اب وہ آئے یا دے آنے کی خبر کیا معنی
میرے محبوب کے چہرے سے ابھرتا ہوا نور
اس قدر تھا کہ بھلا شمس و قمر کیا معنی
دل ہی جب سینے میں مردہ ہو تو ابصار مرے
پھر ترے دل کے لبھانے کا ہنر کیا معنی
احمد ابصار