- Advertisement -

عہد جدید کا اُبھرتا ہوا شاعر اظہر فراغ

حنا عنبرین کا ایک اردو مضمون

عہد جدید کا اُبھرتا ہوا شاعر اظہر فراغ

یوں تو دنیا میں ہزاروں لوگ شاعری کر رہے ہیں ، کچھ نو آموز ہیں، کچھ ماہر ہیں، کچھ اوسط درجے کے ہیں ۔مگر یہ بات طے ہے کہ شاعری پھول ہے، پھولوں کی خوشبو ہے، محبت ہے، عشق ہے، معرفت ہے، روحانیت ہے یہ اور بات ہے کہ ہر پھول کی خوشبو دوسرے سے الگ ہے لیکن اپنی اپنی جگہ اہم ہے میرا ذاتی خیال ہے کہ شاعر کا ہاتھ معاشرے کی نبض پر ہوتا ہے۔ معروف سرائیکی شاعر عزیزشاہد کا خیال ہے ہے کہ! شاعری بنیادی طور پر فرد کے باطن کی بربریت کو مہذب کرنے کا عمل ہے، یہ اللہ تعالیٰ کی خاص نعمت ہے سو شاعر کو سراپا شکر ہونا چاہیے شہرت شاعر کے قدموں کی دھُول ہے اسے سر پر سوار نہیں کرنا چاہیئے عہد حاضر میں شاعری جدید دور میں داخل ہو رہی ہے اور تیزی سے ارتقائی مراحل طے کر رہی ہے۔ جدید شاعری نئے معاملات پر کھڑی ہے شاعری میں نئی روایات، ترکیب، استعارے، تشبیہات اپنی بنیادیں مضبوط کر رہی ہیں یا ان کی داغ بیل ڈال رہی ہیں۔ معروف شاعر زعیم رشید نے شاعری میں ایک نئی صنف ”تروینی“ ایجاد کی ہے جسے معروف نقاد صادق سعید نے دنیا کی سب سے چھوٹی نظم کہا ہے ”تروینی“ تین لائنوں میں پورا واقعہ بیان کرنے کا نام ہے ’تروینی“ اردو زبان کا مزاج ہے۔ مثال کے طور پر ایک ”تروینی“ دیکھیئے:
جدائی آخری بوسہ نہیں تھی
ابھی تو آنکھ بھر دیکھا نہیں تھا
مگر اتنے میں گاڑی جا چکی تھی
اور اظہر فراغ نے نئے اور جدید دنیا کے الفاظ کو شاعری میں شامل کر کے ایک نئی روایت قائم کی ہے ۔ اسی طرح ادریس بابر نے ”عشرہ“ کے نام سے ایک نئی صنف کی بنیاد ڈالی ہے۔ دیکھتے ہیں وقت ”عشرہ“ کو ”تروینی“ کو کتنی پذیرائی عطا کرتا ہے یا کتنی اس کی تقلید کی جاتی ہے۔اظہر فراغ کہتے ہیں کوئی نئی بات ہے تو کرو ورنہ پرانی بات تو سینکڑوں لوگ کر ہی رہے ہیں وہ قدیم شاعری کو پسند تو کرتے ہیں مگر اس کے پیروکار نہیں ہیں وہ کہتے ہیں کہ اب ہمیں وفا، جفا سے آگے کی بات کرنا ہو گی مگر وہ قدیم شاعری کی افادیت کے منکر بھی نہیں ہیں۔ مثال کے طور پر ان کا ایک شعر دیکھیئے:
فِکر و جنوں کی بحث ہو یا حرفِ ناقدانہ ہو
غالب کو رد تو وہ کرے پہلے جو خود یگانہ ہو
اردو ”غزل“ فارسی سے آئی ”ہائیکو“ جاپانی صنف ہے جو نیچر کے مضامین کو تین لائنوں میں پابند کرنے کا نام ہے۔ نثری نظم اور آزاد نظم کو پہلے رد اور پھر بھر پور طریقے سے قبول کر لیا گیا ۔ اب پُرانے اور گھِسے پٹے جملوں کی جگہ نئی اور تازہ تراکیب استعمال کی جارہی ہیں اور جدید شاعری میں شامل ہو رہی ہیں بہت سے شعراء شاعرات بہت اچھی اور تازہ شاعری کر رہے ہیں ان کی تعداد کئی سو یا شاید کئی ہزار ہو سکتی ہے جن کا احاطہ یہاں ممکن نہیں ہے۔ اظہر فراغ وہ شخص ہے جسے قدرت نے حُسن، ذہانت وافر مقدار میں عطا کی ہے۔ اظہر فراغ ایک مکمل باوقار، پُر کشش اور ساحرانہ شخصیت کے مالک ہیں ان کے نشست و برخاست میں سلیقہ نمایاں ہے ان کی خوبصورت بلند آواز اور شائستہ لب و لہجہ سننے والوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے وہ مشاعروں میں اپنا کلام سناتے ہیں تو حاضرین ایسے محو ہو جاتے ہیں جیسے ان پر جادو کر دیا گیا ہو اور وہ داد دیئے بغیر نہیں رہ پاتے یہ ان کا اپنا انداز ہے جو اُنہی کا خاصہ ہے۔ پورے اعتماد سے سامنے والے سے نظر ملا کر بات کرتے ہیں ان کے پاس ہر موضوع پر بولنے کے لیئے بہت سا علمی مواد موجود ہے فنِ عروض پر دسترس رکھتے ہیں اور شاعری کے حوالے سے ہر مشکل کا حل ان کے پاس موجود ہوتا ہے۔ ان کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ اپنے ہم عصر شاعروں کو تسلیم کرتے ہیں میں نے فیس بُک پر ایک بہت ہی معتبر پوسٹ پڑھی کہ آجکل کچھ لوگ شاعری میں گروپ بندی کر رہے ہیں اور وہ کہتے پھرتے ہیں کہ فلاں میرا شاگر ہے شاگرد کہتے پھر رہے ہیں فلاں میرا استاد ہے اور پھر مشاعروں میں وہی استاد شاگرد ایک دوسرے کو پُرزور داد بھی دیتے ہوئے پائے جاتے ہیں۔
مگر فراغ کے ہاں ایسا نہیں ہے ان کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ اپنے تمام ملنے والوں سے نئے ہوں ، پرانے ہوں، بڑے یا چھوٹے ہوں سب سے ان کا رویہ دوستانہ اور مشفقانہ ہوتا ہے ہر ایک کی بات پوری توجہ سے سنتے ہیں۔ شاعری کے حوالے سے جو بھی بات انہیں معلوم ہو ہر گز نہیں چُھپاتے وہ اپنے سیکھنے والوں کو بیساکھیاں نہیں دیتے بلکہ اُنہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ پاکستان کے علاوہ، انڈیا، دوبئی، وغیرہ کے مشاعروں میں بھی شرکت کر چکے ہیں وہ منفرد اور جدید لب و لہجے کے شاندار شاعر ہیں ۔ ان کی اب تک دو کتابیں۔ i۔ میں کسی داستان سے اُبھروں گا (انتخاب) ii۔ ”ازالہ“ کے نام سے منظر عام پر آچکی ہیں۔
میں ازالہ کو کئی بار پڑھ چکی ہوں اور ہر بار یہ کتاب مجھے نئی لگی۔ اظہر فراغ نے شاعری کے اس ہجوم میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے نظم اور غزل ہر دو اصناف میں لکھتے ہیں لیکن غزل ان کا پسندیدہ ذریعہ اظہار ہے ۔غزل ایک مشکل صنف ہے۔ تخلیق کرنے کے بعد تخلیق کار کا کردار تقریباً ختم ہو جاتا ہے اب فیصلہ قاری کے ہاتھ میں ہوتا ہے اور قاری اس کا مقام طے کرتا ہے۔ اور فن بول کر اپنے ہونے یا نہ ہونے کا ثبوت دلاتا ہے۔ان کے اشعار ان کی اپنے عصر سے آگاہی کی نشاندہی کرتے ہیں قوت فیصلہ، قوتِ عمل اور دانش کی نعمت سے سرفراز یہ شاعر عزم و ہمت کا ایک نمونہ ہے۔ اظہر فراغ کی شاعری ہر فرد کی شاعری ہے ۔ اتنی کم عمری میں ایسے ایسے جدید الفاظ اس نے استعمال کیئے ہیں کہ اردو شاعری پر تحقیق کے نئے در وا ہو گئے۔ان کی شاعری کی کچھ مثالیں ملاحظہ کیجیئے اور خود فیصلہ کیجیئے!
یہ نہیں دیکھتے کس کی ہے ریاضت کتنی
لوگ آسان سمجھ لیتے ہیں آسانی کو
۔۔۔
میں جانتا ہوں مجھے مجھ سے مانگنے والے
پرائی چیز کا جو لوگ حال کرتے ہیں
۔۔۔
وہ دستیاب ہمیں اس لیے نہیں ہوتا
ہم استفادہ نہیں دیکھ بھال کرتے ہیں
۔۔۔
ایسی غربت کو خدا غارت کرے
پھول بھجوانے کی گنجائش نہ ہو
۔۔۔
پلنگ ایک الگ لحاف
قبولیت نہ انحراف
ادھر ذرا سی بات کی
اُدھر کسی کا موڈ آف
میں اُس کی جیب کا بٹن
وہ میرے ہاتھ کا شگاف
عجیب ظرف ہے اظہر مرے بزرگوں کا
کہ حق پہ بولنا تہذیب کے منافی ہے
۔۔۔
ہوا کے رُخ پہ دیا دھر نہیں گیا تھا میں
بچھڑ گیا تھا کوئی مر گیا نہیں گیا تھا میں
۔۔۔
ہائے وہ بھیگا ریشمی پیکر
تولیہ کھُردرا لگے جس کو
۔۔۔
ہم اُسے پوچھ تھوڑی سکتے ہیں
اُس کی مرضی جہاں رکھے جس کو
۔۔۔
تم اپنے کرب کا اظہار کر بھی سکتی ہو
پیاز کاٹ کے یہ وقت کَٹ بھی سکتا ہے
۔۔۔
نہ کوئی خواب دِکھایا نہ کوئی عہد کیا
بدن اُدھار لیا بھی تو اس سے شام کی شام
۔۔۔
آئینہ میرے مقابل لائے
خوب سمجھے میرے معیار کو لوگ
۔۔۔

آنکھ کھُلتے ہی جبیں چومنے آ جاتے ہیں
ہم اگر خواب میں بھی تجھ سے لڑے ہوتے ہیں
ازالہ ہو گیا تاخیر سے نکلنے کا
گزر گئی ہے سفر میں مرے قیام کی شام
۔۔۔
رو پڑے عرض حال سُن کر کیا
گر پڑا ہاتھ سے ریسیور کیا
۔۔۔
یہ اعتماد بھی میرا دیا ہوا ہے تمہیں
کہ میرے مشورے بے کار جانے لگے ہیں
۔۔۔
مسکرانا سکھا رہا ہوں تُجھے
اب تیرا دُکھ بھی پالنا پڑے گا
۔۔۔
کِس کِس سے کر کے اس کو خبردار جانے دوں
اندھے کو کس طرح سے سڑک پار جانے دوں
دفتر سے مل نہیں رہی چھٹی وگرنہ میں
بارش کی ایک بوند نہ بیکار جانے دوں
اس رسہ کش پہ ڈھیل کا احسان کچھ نہیں
کب تک میں درگزر کروں ہر بار جانے دوں
۔۔۔
ہر شیشے کا ڈر ہے بھیا
بچوں والا گھر ہے بھیا
عینک کا واویلا کرنا
ٹھوکر سے بہتر ہے بھیا
کھڑکی کے منظر سے اچھی
پردے کی جھالر ہے بھیا
بھابھی کے کنگن تھوڑی ہیں
بہنوں کا زیور ہے بھیا
آدھا آدھا رو لیتے ہیں
ایک ٹشو پیپر ہے بھیا
٭٭٭
تیری شرطوں پہ ہی کرنا ہے اگر تجھ کو قبول
یہ سہولت تو مجھے سارا جہاں دیتا ہے
٭٭٭

حنا عنبرین

بشکریہ گردوپیش

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
رپورٹ : عروج احمد (میڈیا ہیڈ، ینگ ویمن رائٹرز فورم،…