دل ازروئے شوق کا اِظہار نہ کردے
ایک اردو غزل از حسرت موہانی
غزل
دل ازروئے شوق کا اِظہار نہ کردے
ڈرتا ہے، مگر یہ کہ وہ انکار نہ کر دے
ہشیار! کہ اس پرسشِ پہیم کی نوازش
عشاق ستم کش کو ہوس کار نہ کر دے
ہم جور پرستوں پہ گماں ترک وفا کا
یہ وہم کہیں مجھ کو گنہگار نہ کر دے
ہوتا ہے برا لذت آزار کا لپکا
مرنا بھی کہیں مجھ کو یہ دشوار نہ کر دے
کچھ حد بھی ہے اس سوزشِ خاموشی کی حسرت
یہ کش مکش سے غم تجھے بے کار نہ کردےحسرت موہانی
تشریح
دل ازروئے شوق کا اِظہار نہ کردے
ڈرتا ہے، مگر یہ کہ وہ انکار نہ کر دے
غزل کے مطلع میں شاعر کہتا ہے کہ دل میں محبت کی آرزو ہے اور دل کی اس خواہش کا وہ محبوب سے اظہار بھی کرنا چاہتا ہے لیکن وہ اس لیے اظہار نہیں کرتا کیوں کہ وہ جانتا ہے کہ محبوب کا ردِعمل کیا ہوگا۔اُس کو ڈر ہے کہیں محبوب ہماری درخواست ٹھکرانہ دے۔وہ انکار نہ کردے اور خواہ مخواہ دل ٹوٹ نہ جائے۔
ہشیار! کہ اس پرسشِ پہیم کی نوازش
عشاق ستم کش کو ہوس کار نہ کر دے
معشوق عاشق پر نوازش نہیں کرتا لیکن یہاں معاملہ برعکس ہے۔وہ لگاتار عشاق کی خبر گیری کر رہا ہے۔اب شاعر کہتا ہے کہ خبردار یہ محبوب کی نوازشیں،لگاتار عاشقوں کی خبر گیری کرنا، کہیں ایسا نہ ہو کہ عشاق جو ستم برداشت کرنے میں لذّت پاتے ہیں انھیں محبوب کی یہ نوازش جھوٹا عاشق بنا دیں،لالچی نہ کردیں۔
ہم جور پرستوں پہ گماں ترک وفا کا
یہ وہم کہیں مجھ کو گنہگار نہ کر دے
اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ ہم تو ظلم و ستم کی پرسش کرنے والے ہیں یعنی برداشت کرنے والے ہیں اور تجھ کو یہ گمان،یہ وہم کہ ہم نے وفا ترک کر دی ہے۔تمہارا یہ وہم کہیں تمہیں گناہ گار نہ بنا دے۔کہ تو یہ خیال کرکے تغاقل کرتا ہے کہ ہم نے محبت ترک کر دی ہے اور ہم برداشت کرتے کرتے مٹ جائیں اور خون تمھارے سر لگ جائے۔
ہوتا ہے برا لذت آزار کا لپکا
مرنا بھی کہیں مجھ کو یہ دشوار نہ کر دے
بہت اچھا شعر ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ تکلیف میں لذت پانے کا چسکا کچھ اچھا نہیں ہوتا، بلکہ بُرا ہوتا ہے کیونکہ درد حد سے بڑھتا ہے تو آدمی مرتا ہے۔ لیکن جب درد سے لذت ہو گی تو جیسے جیسے یہ بڑھے گا زیادہ مزہ آئے گا۔ اس طرح شاعر کہتا ہے کہ یہ چسکا کہیں ایسا نہ ہو کہ مرنا ہی مشکل بنا دے۔
کچھ حد بھی ہے اس سوزشِ خاموشی کی حسرت
یہ کش مکش سے غم تجھے بے کار نہ کردے
غزل کے مقطع میں شاعر کہتا ہے کہ حسرتؔ تم جو اندر ہی اندر جل رہے ہو،یہ جلن یہ درد جو تمہارے سینے میں لاوے کی طرح دھک رہا ہے اس کی کوئی حد بھی ہے۔کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ غم کی کش مکش تمھیں بے کار ہی کردے۔ کسی کام کا ہی نہ رہنے دے۔
بشکریہ:
اردو نوٹس ڈاٹ کام