- Advertisement -

اللہ کی عطا ہے محبت رسول کی

نعتِ سرورِ کونینﷺ از ڈاکٹر نگہت نسیم

نعتِ سرورِ کونینﷺ کے بحضور فخر انبیا، تاجدار مدینہ، ختم الرُسل، مولائے کُل، باعثِ خلق کائنات، آقائے دو جہاں کے نام کہ جنہوں نے میرے قلم کو اپنا اسمِ پاک لکھنے کی اجازت بخشی اور مجھے اذنِ کلام دیا۔

اللہ کی عطا ہے محبت رسول کی

ورثۂ انبیا ہے فضیلت رسول کی

دیتا رہا جو جان کے دشمن کو بھی دعا

درکار پھر ہے آج وہ سیرت رسول کی

عشقِ رسول عشقِ خدا کا ہے آئینہ

دیکھا خدا کو دیکھ لی صورت رسول کی

انکار اہل بیتِ نبوت سے الاماں

دعوت یہ کارِ شر ہے عداوت رسول کی

یاسین کا وجود محمد کا ہے وجود

تطہیر کا مزاج طہارت رسول کی

خوشبو نبیِ پاک کی ہر لفظ لفظ میں

قرآن کر رہا ہے تلاوت رسول کی

اپنے عمل کو زینتِ کردار کرنا ہے

گر چاہتے ہو تم بھی شفاعت رسول کی

کس سے بیاں ہوں رحمتِ کُل کی فضیلتیں

قرآں کا حرف حرف فضیلت رسول کی

مدحت رسولِ پاک کی لکھنے کا یہ شرف

تم پر نسیم خاص عنایت رسول کی

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
ایک نظم از احمد ہمیش