ماضی، حال اور مستقبل – کامیابی کا سفر
ایک اردو تحریر از انور علی
انسان کی زندگی ماضی، حال اور مستقبل کے درمیان ایک مسلسل سفر کا نام ہے۔ ماضی ہمیں تجربات دیتا ہے، حال ہمیں فیصلوں کا موقع دیتا ہے اور مستقبل ہمارے آج کے اعمال کا نتیجہ ہوتا ہے۔
جو لوگ اپنے ماضی کو بھول جاتے ہیں اور اپنی غلطیوں کو بار بار دہراتے ہیں، ان کا حال اکثر بے سکون رہتا ہے، کیونکہ وہ اپنی کمزوریوں سے سبق حاصل نہیں کرتے۔
اور جو لوگ اپنے حال کی قدر نہیں کرتے، اپنی ذمہ داریوں اور فیصلوں پر توجہ نہیں دیتے، وہ اکثر ماضی کی غلطیوں کو دوبارہ دہرا دیتے ہیں، جس کا اثر ان کے مستقبل پر پڑتا ہے۔
زندگی میں کامیابی کا آغاز اُس وقت ہوتا ہے جب انسان اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے کا حوصلہ پیدا کرتا ہے۔ اپنی کمیوں کو ماننا کمزوری نہیں بلکہ ایک مضبوط شخصیت کی نشانی ہے، کیونکہ جو شخص خود کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہے وہی آگے بڑھنے کا راستہ تلاش کرتا ہے۔
ماضی کو یاد رکھنا ضروری ہے، کیونکہ وہ ہمیں سکھاتا ہے کہ کہاں غلطی ہوئی اور آئندہ کیسے بہتر فیصلہ کرنا ہے۔ لیکن ماضی میں زندگی گزارنا درست نہیں، کیونکہ جو وقت گزر گیا وہ واپس نہیں آتا۔ عقلمند انسان ماضی سے سبق لیتا ہے، حال کو سنوارتا ہے اور مستقبل کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہے۔
اصل کامیابی یہ نہیں کہ انسان کبھی غلطی نہ کرے، بلکہ اصل کامیابی یہ ہے کہ انسان اپنی غلطی کو پہچان کر خود کو بدلنے کا حوصلہ رکھے۔
انور علی








