اردو غزلیاتدلاور علی آزرشعر و شاعری

یاقوت جَڑے اور کہیں الماس اُتارے

دلاور علی آزر کی اردو غزل

یاقوت جَڑے اور کہیں الماس اُتارے
وہ لفظ جو ہم نے سرِ قرطاس اُتارے

آ دیکھ ذرا موسمِ گریہ کا نظارہ
شاخوں سے ہوا کیسے املتاس اُتارے

ہم بھول نہ جائیں کہیں مفہومِ وفا بھی
میدان میں پھر سے کوئی عباس اُتارے

کس طرح تری یاد کو سینے سے نکالوں
کس طرح کوئی جسم سے اب ماس اُتارے

لے آئے فلک سے ترا پیغام کسی روز
آیت ہی کوئی آج کا الیاس اُتارے

اُمید کی دنیا کو پلٹ کر کبھی دیکھے
آزر سے کہو پیرہنِ یاس اُتارے

دلاور علی آزر 

post bar salamurdu

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

سلام اردو سے ​​مزید
Close
Back to top button