مجھ کو دے دے خوشی محبت کی
پوری کر دے کمی محبت کی
میں نے تجھ سے کیا ہے پہلا عشق
تجھ سے ہی آخری محبت کی
کاش مل جائے تیری صورت میں
مجھ کو بھی زندگی محبت کی
تجھ کو دیکھا تو روح میں اتری
دور تک روشنی محبت کی
میرے دامن میں ڈال کر تجھ کو
رب نے سوغات دی محبت کی
تم نے دیکھا جو میری آنکھوں میں
چھا گئی بےخودی محبت کی
دل میں فصلِ بہار ہے ہر سو
جب سے چٹخی کلی محبت کی
دور رہ کر بھی پاس ہوتے ہو
دیکھ لو سادگی محبت کی
منزّہ سیّد