آپ کا سلاماردو غزلیاتاظہر عباس خانشعر و شاعری
اک مصرعے نے چوم لیا درد ہمارا
اظہر عباس خان کی ایک اردو غزل
اک مصرعے نے چوم لیا درد ہمارا
اب شعر ہے گھر کا ہی کوئی فرد ہمارا
وہ آنکھ سے لکھنے لگا پیغامِ جدائی
سو رنگ پڑا جاتا ہے اب زرد ہمارا
پاتا ہے نمو خوب یہ ہجراں کی ضیا سے
َکِھلتا چلا جاتا ہے گلِ درد ہمارا
یوں دشت نوردی پہ لگی مہر ہماری
اک نقشِ کفِ پا ہے تہہِ گرد ہمارا
میں دیکھ رہا ہوں یہ سرِ چشمِ بصیرت
کھا جائے گا عشقا تو جوانمرد ہمارا
عشاق نبھاتے چلے جاتے ہیں یہ وحشت
پیچھے نہیں ہٹتا ہے کوئی مرد ہمارا
وہ ہاتھ مسیحائی اگر چھوڑ گیے تو
پھندے سے لٹک جائے گا یہ درد ہمارا
وہ آنکھ مری آنکھ سے باہر نہیں جاتی
مصرع نہیں ہو سکتا کبھی سرد ہمارا
اظہر جسے دکھ درد کے ہجے نہیں آتے
ہر وقت بنا پھرتا ہے ہمدرد ہمارا
اظہر عباس خان








