- Advertisement -

پاک برٹش آرٹس اور سٹی میگ مشاعرہ

مشاعرہ مورخہ 29 فروری 2020

محبوب پبلک سکول کشمیر روڈ (سیالکوٹ) کے انتہائی پُر شکوہ آڈیٹوریم میں پاک برٹش آرٹس اور سٹی میگ کے زیرِ اہتمام مورخہ 29 فروری 2020بروز ہفتہ ایک انتہائی شاندار بین الاقومی محفلِ مشاعرہ کیا اہتمام کیا گیا- مشاعرہ کی میزبانی کا شرف جناب خالد لطیف مدیر سٹی میگ ، وائس پریزیڈنٹ پاک برٹش آرٹس پاکستان اور جناب محبوب صابر کوارڈینیٹر پاک برٹش آرٹس پاکستان کو حاصل ہوا۔ مشاعرہ کی صدارت پاک برٹش آرٹس کے چیئرمین جناب ڈاکٹر یونس امین نے فرمائی۔ جبکہ مہمانانِ خصوصی کی نشستوں پر جناب یونس متین (وائس چیئرمین پاک برٹش آرٹس) جناب محمد آصف بھلی ( دانشور، محقق، کالم نگار اور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ) جناب شکیل احمد شکو (سویڈن ــــسٹاک ہوم) اور جناب محمد اظہر (سکاٹ لینڈ) جلوہ افروز تھے۔ مہمانانِ اعزاز کی حثیت سے جناب سید وقار حیدر شاہ، جناب صابرناز، جناب احمد سعید، جناب ارشد مرزا (چیئرمین چوپال پاکستان) اور جناب زبیر شاہد کی شمولیت نے مشاعرہ کے وقار اور تمکنت کو چار چاند لگا دیے جبکہ نظامت کے فرائض، محبوب صابر (کوارڈینیٹر پاک برٹش آرٹس پاکستان) جناب افتخار شاہد ابو سعد اور جناب اجمل فاروقی (سکیرٹری پاک برٹش آرٹس ) نے خوش اسلوبی سے ادا کیئے-
مشاعرہ کا آغاز حسبِ روائیت تلاوتِ کلامِ مجید فرقانِ حمید اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہِ وسلم سے ہوا جس کی سعادت جناب داکٹر الیاس عاجز کو نصیب ہوئی۔ خیر مقدمی گفتگو میں جناب محبوب صابر نے انتہائی مرصع اور جامع انداز میں پاک برٹش آرٹس کے اغراض و مقاصد اور اس کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی، ڈاکٹر یونس امین چئیرمین پاک برٹش آرٹس نے حاضرین سے گفتگو کے دوران پاک برٹش آرٹس کے حوالے سے کئی مفید معلومات شئیر کیں اورادب کیساتھ ساتھ سماجی، مذہبی اور ثقافتی ترویج و ترقی کیلئے اُن کوششوں کا بالخصوص تذکرہ کیا جو وہ دنیا بھر میں پاک برٹش آرٹس کے فورم سے کر رہے ہیں- جناب خالد لطیف نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا اور اُن کی آمد کو اہلیانِ سیالکوٹ کیلئے باعثِ صدافتخار قرار دیا- اس مشاعرہ میں جن شعرائے کرام نے اپنے خوبصورت کلام سے حاضرین کو محطوظ کیا اُن کے اسمائے گرامی یہ ہیں۔ جناب رشید آفرین، جناب یونس طالب، جناب اعجازعزائی، جناب سید عدید، جناب منظور کاسف، جناب افتخار شاہد،جناب رحمن امجد مراد، جناب رانا ریاض، جناب دلشاد احمد، جناب فرانسس سائل، جناب ارشد ثانی،جناب وکٹر حسام، جناب طارق ملک (جوائینٹ سیکرٹری پاک برٹش آرٹس) جناب ارشد جمیل، جناب عامر غفاری، جناب ڈاکٹر الیاس عاجز، جناب اجمل فاروقی،محترمہ تحمینہ مرزا۔ مشاعرہ کے اختتام پر جناب خالد لطیف نے مہان شعرا کو یادگاری شیلڈز پیش کیں- معزز مقامی شعراء کرام اور حاضرین محفل کی بہترین تواضع کا مشاعرہ ہال میں جبکہ باہر سے تشریف لائے ہوئے مہمانان کیلئے شہر کے ایک معروف اور خوبصورت ہوٹل میں اہتمام کیا گیا۔ یوں یہ خوبصورت تقریب رات ڈھلے اپنے اختتام کو پہنچی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
منزّہ سیّد کی ایک اردو غزل