اردو غزلیاتایوب خاورشعر و شاعری

کوئی گلا نہ شکایت ہے کیا کیا جائے

ایوب خاور کی اردو غزل

کوئی گلا نہ شکایت ہے کیا کیا جائے
یہ اہلِ دل کی روایت ہے کیا کیا جائے

گھڑی میں پھول، گھڑی بھر میں دھُول کر دے گا
عجیب اُس کی طبیعت ہے کیا کیا جائے

کسے خبر تھی کہ یہ عشق و آگہی کا فروغ
بس ایک کارِ ندامت ہے کیا کیا جائے

بیاں کسی سے بھی دُکھ اپنے کر نہیں سکتے
یہ دُکھ بھی اُس کی عنایت ہے کیا کیا جائے

پنپنے دیتا نہیں دل میں بد گمانی کو
یہی تو اُس کی مہارت ہے کیا کیا جائے

دلوں کے کھیل کا کیا پوچھتے ہو جانِ جاں
کئی طرح کی مصیبت ہے کیا کیا جائے

جو دِل میں درد کے پودے لگائے جاتا ہے
وہی تو ربِ محبت ہے کیا کیا جائے

کسی کو اپنے تئیں وہ خفا نہیں رکھتا
یہ اُس کا حسنِ سیاست ہے کیا کیا جائے

ہزار رنج سرِ ہجر کارِ فرما ہیں
مگر یہ دِل کہ سلامت ہے کیا کیا جائے

ایوب خاور 

post bar salamurdu

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button