- Advertisement -

رائیگاں گفتگو کو دفن کریں

ایک اردو غزل از ارشاد نیازی

رائیگاں گفتگو کو دفن کریں
وصل کی آرزو کو دفن کریں

سانس جب سرد آہ کو کھینچے
اس گھڑی ہاؤ ہو کو دفن کریں

کوئی جگنو ہمارا غم سمجھے
چاند کی جستجو کو دفن کریں

آئنے میں دراڑ پڑ جائے
حسرتِ خوبرو کو دفن کریں

کب تلک نیزے سر تلاش کریں
کب تلک ہم لہو کو دفن کریں

کیا کِیا جائے بےسبب عشّاق
حسن کی آبرو کو دفن کریں

پتلیاں دشت سینچ لیں, ارشاد
آنکھ میں آبجو کو دفن کریں

ارشاد نیازی

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
ذوالفقار عادل کی ایک اردو غزل